بجلی کی عدم دستیابی کے باعث دھمول میں لوگوں نے سڑک جام کیا

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -01 JULY      

پکری برانواں ،1جولائی:(محمد سلطان اختر ) پکری برانواں بلاک کے دھمول بازار میں بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے مشتعل لوگوں نے ہفتہ کو دھمول بس اسٹینڈ کے قریب آڑھا -شیخ پورہ مین روڈ کو بلاک کر دیا۔ سماجی کارکن قمر الباری کی قیادت میں درجنوں گاؤں والوں نے سڑک بلاک کرکے محکمہ بجلی و ضلع انتظامیہ اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ لوگوں نے بتایا کہ چوبیس گھنٹے سے بجلی نہیں ہے۔ شدید گرمی کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے لوگ پانی کے لئے ادھر ادھر بھٹک رہے ہیں۔ لوگوں کا الزام ہے کہ محکمہ برق کے اہلکار اور افسران کوئی اطلاع نہیں دیتے اور بجلی کاٹ دیتےہیں۔ لوگوں نے اپنا غصہ محکمہ بجلی پی ایچ ای ڈی پر بھی نکالا۔ جے ای ای اور پی ایچ ای ڈی کے ٹھیکیدار کی غفلت کے باعث دھمول مارکیٹ کے تمام گھروں میں آج تک پینے کا پانی نہیں پہنچا جبکہ بقر عید کا موقع چل رہا ہے شکایت کے بعد بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ گاؤں والوں نے اس کی بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ بجلی اور پینے کے پانی کے لئے سڑک جام ہونے کی اطلاع پر بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر نیرج کمار دھمول تھانہ انچارج بیجناتھ پرساد ایک ساتھ جام مقام پر پہنچے۔ اس دوران گاؤں والوں کو سمجھا کر جام ہٹانے کی کوشش کی۔ مقامی سرپنچ اندرجیت سنہا، مکھیا رامروپ یادو، پنساس اپیندر سنگھ وغیرہ بھی پہنچ گئے اور لوگوں کو سمجھایا۔ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر نے فوری طور پر ایگزیکٹیو انجینئر کو بلایا اور فوری طور پر بجلی کی سپلائی بحال کرنے کی بات کی۔ انہوں نے ڈی ایم کو بھی اس مسئلہ سے آگاہ کیا۔ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کی مسلسل کوششوں کے بعد دوپہر 12 بجے کے قریب بجلی کی سپلائی بحال ہوئی۔ اس دوران لوگوں نے کئی مطالبات رکھے۔ مطالبات تسلیم نہ ہونے پر احتجاج کا انتباہ بھی کی ہے۔