مظفر پور میں زہریلی شراب پینے سے دوکی موت ،دوکی بینائی چلی گئی

TAASIR NEWS NETWORK  UPDATED BY- S M HASSAN -24 SEPT  

مظفر پور، 24ستمبر: بہار کے مظفر پور ضلع میں مشتبہ زہریلی شراب پینے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی، جب کہ دو لوگوں کی بینائی چلی گئی۔ایک سینئر پولیس افسر نے یہ اطلاع دی۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) اودھیش ڈکشٹ نے اتوار کو بتایا کہ یہ واقعہ قاضی محمد پور تھانے کے علاقے پوکھریا پیر علاقے میں پیش آیا اور شراب فراہم کرنے والا فرار ہے، تاہم اس کی بیوی اور بیٹی کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ پوکھریا پیر محلہ کے امیش شاہ اور پپو رام کی موت ہو گئی ہے۔ اس کے گھر والوں نے بتایا کہ وہ تین دن قبل شراب پی کر گھر واپس آیا تھا اور پھر بیمار ہوگیا۔اے ایس پی ڈکشٹ نے کہا کہ دو دیگر افراد دھرمیندر اور راجو کی بھی بینائی کھونے کی اطلاع ہے۔ دھرمیندر نے پولیس کو بتایا کہ اس نے شیو چندر پاسوان سے شراب خریدی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ شیو چندر ابھی تک مفرور ہے اور اس کی بیوی اور بیٹی کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔واضح رہے کہ 2016 میں نتیش کمار حکومت نے بہار میں شراب کی فروخت پر مکمل پابندی لگا دی تھی۔ تاہم اس طرح کی خبریں بہار حکومت کے دعوؤں کو بے نقاب کر رہی ہیں۔