ورلڈ کپ 2023 میں آر اشون کی سرپرائز انٹری، اکشر پٹیل باہر

TAASIR NEWS NETWORK  UPDATED BY- S M HASSAN -29 SEPT  

نئی دہلی، 29ستمبر: ورلڈ کپ 2023 شروع ہونے میں صرف ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے اور ٹیم انڈیا کے اسٹار اسپنر آر اشون کی قسمت ان پر مہربان ہوگئی ہے۔ وہ اشون، جو ونڈے کرکٹ سے دور ہوتے دکھائی دے رہے تھے، اب ورلڈ کپ میں انٹری کر چکے ہیں۔ آئی سی سی نے ایکس (پہلے ٹویٹر) پر اس کی تصدیق کی ہے۔ایشیا کپ کے دوران ٹیم انڈیا کے آل راؤنڈر اکشر پٹیل انجری کا شکار ہو گئے تھے، جس کی وجہ سے اشون کو آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں موقع ملا تھا۔ اس سیریز کے بعد اب اشون کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں بھی جگہ مل گئی ہے۔ آسٹریلیا کیخلاف سیریز سے پہلے اشون نے اپنا آخری ون ڈے جنوری 2022 میں کھیلا تھا۔ وہ 1.5 سال بعد ون ڈے میں واپس آئے اور آسٹریلیا کو اپنی اسپن سے پریشان کردیا۔ انہوں نے کنگارو ٹیم کے خلاف 2 میچ کھیلے، جس میں انہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔اشون کے علاوہ نوجوان آل راؤنڈر واشنگٹن سندر کو بھی آزمایا جا رہا تھا، لیکن اس جنگ میں تجربے کو ترجیح دی گئی ہے۔آئی سی سی نے سبھی ٹیموں کے اسکواڈ میں تبدیلی کی آخری تاریخ 28 ستمبر طے کی تھی۔ ہندوستان نے آخری وقت پر اپنے ورلڈ کپ اسکواڈ میں تبدیلی کردی ہے۔ آر اشون اس مرتبہ 12 سال پہلے کی یادیں تازہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ اشون 2011 ورلڈ کپ میں بھی ٹیم انڈیا کا حصہ تھے۔ انہوں نے ٹیم انڈیا کی خطابی جیت کا بھرپور لطف اٹھایا تھا۔ اشون سمیت پوری ٹیم ورلڈ کپ 2023 کے وارم اپ میچ کے لئے گوہاٹی پہنچ گئی ہے۔ ٹیم انڈیا اپنا پہلا پریکٹس میچ 30 ستمبر کو انگلینڈ کے خلاف گوہاٹی میں کھیلے گی۔ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی اسکواڈ: روہت شرما (کپتان)، وراٹ کوہلی، جسپریت بمراہ، شبھمن گل، کے ایل راہل، ہاردک پانڈیا (نائب کپتان)، شریس ایئر، رویندر جڈیجہ، ایشان کشن، سوریہ کمار یادو، روی چندرن اشون، کلدیپ یادو، محمد سراج، محمد سمیع اور شاردول ٹھاکر۔