تاثیر،۲۵ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
ڈھاکہ/نئی دہلی، 25 اکتوبر: خلیج بنگال میں بننے والا سمندری طوفان ہامون اب شدید طوفان میں تبدیل ہو گیا ہے۔ یہ شمال شمال مشرق کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اس کے آج دوپہر تک بنگلہ دیش کے کھیپوپاڑہ اور چٹگاوں کے وسطی ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔
بھارت کے اڈیشہ اور تمل ناڈو کے ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی صلاح دی گئی ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہندوستان میں اس کا زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔ اڈیشہ میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔ ہامون کا مرکز شمال مغربی خلیج بنگال میں تھا۔
بنگلہ دیش کے محکمہ موسمیات کے مطابق چٹگاوں، کاکس بازار، مونگلا اور پائرا کی سمندری بندرگاہوں کے ارد گرد وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ ہامون نے منگل کی صبح ایک بجے ساحل عبور کیا۔ یہ چٹگاوں میں ستکانیہ کے قریب گہرے ڈپریشن میں تبدیل ہو گیا۔ اس کے آگے بڑھنے اور بتدریج کمزور ہونے کا امکان ہے۔
بھارت کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ کو جب یہ ساحل سے ٹکرائے گا تو اس کی حالت شدید دباو والے علاقے جیسی ہو گی۔ اس میں تیز ہوائیں تو چلتی ہیں لیکن زیادہ نقصان کا خطرہ نہیں رہتا ہے۔ اس وقت طوفان 70-65 سے 85 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہا ہے۔

