ورلڈ کپ سے قبل مچل اسٹارک نے مچائی تباہی ، نیدرلینڈز کے خلاف زبردست ہیٹ ٹرک

TAASIR NEWS NETWORK  UPDATED BY- S M HASSAN -01 OCT

نئی دہلی ،یکم اکتوبر:ہندوستانی سرزمین پر کھیلے جانے والے آئندہ ورلڈ کپ (آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023) سے قبل مچل اسٹارک نے وارم اپ میچ میں ہیٹ ٹرک کر کے ہلچل مچا دی۔ نیدرلینڈز کے خلاف بارش سے متاثرہ اس میچ میں اسٹارک نے الگ ہی انداز دکھایا اور مخالف بلے بازوں کو ٹکنے نہیں دیا۔
اسٹارک نے میچ کے پہلے اوور کی پانچویں گیند پر اوپنر میکس او ڈاؤڈ کو اپنا شکار بنایا۔ اس کے بعد اوور کی آخری گیند پر ویسلے بریسی گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوئے۔ پھر اس نے اپنے دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر باس ڈی لیڈ کو بولڈ کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ اس طرح ورلڈ کپ سے قبل بائیں ہاتھ کے تجربہ کار باؤلر نے شاندار فارم دکھا کر بلے بازوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
ترواننت پورم میں کھیلے گئے اس میچ میں ٹاس سے پہلے ہی بارش آگئی جس کی وجہ سے میچ تاخیر سے شروع ہوا اور اسے 23 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ کنگارو ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔ ہدف کا دفاع کرتے ہوئے اسٹارک نے اپنی پہلی 7 گیندوں کے اندر ہی لگاتار تین گیندوں پر ڈچ ٹیم کے 3 بلے بازوں کو آؤٹ کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔
ہالینڈ کی ٹیم 14.2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز بنا چکی تھی اور پھر بارش شروع ہو گئی۔ جس کے بعد میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس طرح ورلڈ کپ کا پانچواں وارم اپ میچ بارش کی وجہ سے ضائع ہو گیا۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ بمقابلہ افغانستان اور بھارت بمقابلہ انگلینڈ کے وارم اپ میچ بارش کی وجہ سے ضائع ہوگئے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ پیٹ کمنز اینڈ کمپنی اب پاکستان کے خلاف ٹورنامنٹ کا اپنا دوسرا وارم اپ میچ کھیلے گی۔ دونوں ٹیمیں 3 اکتوبر کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی