تاثیر،۲۵ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 25 اکتوبر (:۔ پٹنہ کے پالی گنج تھانہ علاقے کے امام گنج بازار میں بے خوف بدمعاشوں نے گذشتہ رات ایک پولیس مخبرکو گولی مارکر قتل کردیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کرلاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا اورمعاملے کی تفتیش شروع کردی۔ مقتول کے اہل خانہ نے واقعے کا ذمہ دار پولیس کو ٹھہرایا ہے۔ مقتول کا نام سبھاش پاسوان بتایا جاتا ہے۔
معلومات کے مطابق تھانہ سے صرف 100 میٹر کے فاصلے پر ایک گھر میں بدمعاشوں نے گھس کر 45 سالہ سبھاش پاسوان کا قتل کردیا۔ واقعہ کے بعد پالی گنج کے ڈی ایس پی پریتم کمار امام گنج پہنچے اور پورے واقعہ کی معلومات لی۔ سبھاش پاسوان امام گنج پنچایت کے سابق نائب سرپنچ رہ چکے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ سبھاش کو شراب پینے کے بہانے بلایا گیا۔ پھر کچھ لوگوں نے اسے اسی گھر میں گولی مار دی جہاں وہ شراب پینے گیا تھا۔ سبھاش کا اپنا گھر بھی امام گنج بازار میں واقع ہے۔ سبھاش جس گھر میں گیا تھا وہ سشیل کمار کا گھر بتایا جاتا ہے، جہاں پہلے سے گھات لگائے بدمعاشو ں نے اسے گولی مار دی۔ پولیس نے سشیل کمار کو حراست میں لے لیا ہے۔