تاثیر،۲ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 02 نومبر:۔ نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے جمعرات کو اس بات پر زور دیا کہ صنفی مساوات کسی بھی مساوات کے لیے بہترین ہے اور اگر صنفی مساوات نہ ہو تو سماج میں کوئی مساوات نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ صنفی مساوات اخلاق میں ہونی چاہیے اور اس کا اظہار زمینی حقیقت ہونا چاہیے۔
نائب صدر جمہوریہ نے دہلی یونیورسٹی کے مرانڈا ہاؤس کالج کے پلاٹینم جوبلی خطاب میں “ہندوستان کی پارلیمنٹ میں خواتین کا کردار” کے موضوع پر اپنی تقریر کے دوران یہ تبصرہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پارلیمنٹ میں خواتین کا کردار بہت بڑا ہے اور ان کی موجودگی اپنے آپ میں مقننہ میں ماحول کو تقویت بخشے گی۔ یہ تسلیم کرتے ہوئے کہ خواتین اپنی زندگی کے تجربات اور ان کو درپیش چیلنجوں کو آگے لانے کے قابل ہوگی، دھنکھڑ نے زور دے کر کہا کہ اس سے یقینی طور پر پالیسیاں بنانے میںحکومت کو مدد ملے گی ، جس سے بڑے مسائل حل ہوں گے ۔
ناری شکتی وندن ایکٹ (خواتین ریزرویشن) کی منظوری کو تاریخ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ ایک عظیم پیشرفت ہے، جو اس بات کو یقینی بنائے گی کہ 2047 میں جب ہندوستان اپنی آزادی کی صد سالہ جشن منائے گا تو ہم عروج پر ہوں گے۔ یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ جب راجیہ سبھا نے خواتین کے ریزرویشن بل پر بحث کی، تو انہوں نے ایوان بالا کی قیادت کے لیے 17 خواتین ممبران پارلیمنٹ کا انتخاب کیا۔ نائب صدر جمہوریہ نے طالبات پر زور دیا کہ وہ کبھی بھی خود کو بیک بینچ یا بیک فٹ پر رکھنے کی اجازت نہ دیں۔ انہوں نے کہا،’’دنیا آپ کی ہے۔ دنیا کو آپ کے ذریعہ تشکیل دینا ہے۔ آج ہندوستانی خواتین عالمی اداروں میں طاقت کے عہدوں پر فائز ہیں، جس سے ہم سب کو بہت فخر ہو رہاہے‘‘۔
حالیہ برسوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے حکومت کے مختلف اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے، دھنکھڑ نے کہا، “دفاعی افواج میں لڑکیاں جنگ لڑنے کی حالت میں ہیں۔ اب لڑکیوں کو بھی سینک اسکولوں میں داخلہ مل رہا ہے۔ آپ تبدیلی ہیں، آپ تبدیلی کو متحرک کر رہے ہیں‘‘۔
ہندوستان کے دنیا کی پانچویں سب سے بڑی معیشت بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستانی معیشت کی ترقی بنیادی طور پر خواتین کے ذریعہ چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان عروج پر ہے اور یہ عروج رک نہیں سکتا۔
قبل ازیں، نائب صدر نے کالج کے 75 سال مکمل ہونے پر یادگاری پلاٹینم جوبلی والیوم – مرانڈا ہاوس کرانیکلز کا اجرا کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کالج کیمپس میں ایک پودا بھی لگایا۔
اس موقع پر دہلی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر یوگیش سنگھ، ڈی یو کے کالجس کے ڈین پروفیسر بلرام پانی، ڈی یو کی پراکٹر پروفیسر رجنی ابی، مرانڈا ہاوس کی پرنسپل پروفیسروجے لکشمی نندا، فیکلٹی ممبران، طلبہ اور دیگر معززین موجود تھے۔

