عوام نے کانگریس کو برسراقتدارلانے کا فیصلہ کرلیا، کارنرمیٹنگس سے صدرکانگریس کا خطاب

تاثیر،۱۴  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد، 14 نومبر:صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ 9 ڈسمبرکوتلنگانہ میں کانگریس حکومت کی حلف برداری صبح 10 بجے لال بہادر اسٹیڈیم میں ہوگی اورتلنگانہ میں اندراماں راج کاآغازہوگا۔ریونت ریڈی نے آج کوڑنگل حلقہ کے دولت آباد،مدوراورکوسگی کادورہ کرکے کارنرمیٹنگس سے خطاب کیاجن میں ہزاروں عوام اورکارکنوں نے شرکت کی۔ریونت ریڈی کوڑنگل حلقہ سے اسمبلی چناؤمیں حصہ لے رہے ہیں اورپرچہ نامزدگی ادخال کے بعد حلقہ کایہ پہلادورہ تھا۔ کوڑنگل میں جگہ جگہ ریونت ریڈی کاشانداراستقبال کیاگیااورعوام نے کانگریس کی تائیدکاعہدکیا۔ریونت ریڈی نے الزام عائدکیاکہ کے سی آرنے کوڑنگل سے کئے گئے وعدوں سے انحراف کرلیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10برسوں میں کے سی آرنے تلنگانہ عوام سے جووعدے کئے تھے،ان کی تکمیل نہیں کی گئی۔
ریونت ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ عوام کے سی آرحکومت سے عاجزآچکے ہیں کیونکہ نئی ریاست کی تشکیل سے صرف کے سی آرخاندان کوفائدہ پہنچا۔ریونت ریڈی نے کانگریس برسر اقتدارآتے ہی6ضمانتوں پرعمل کایقین دلایااورکہاکہ سونیا گاندھی نے جن ضمانتوں کااعلان کیا،اسے کابینہ کے پہلے اجلاس میں منظوری دی جائے گی۔ڈبل بیڈروم،دلتوں کوتین ایکراراضی وکوڑنگل میں تعلیمی اداروں کے قیام جیسے وعدوں کی تکمیل میں بی آر ایس حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کو دیکھتے ہوئے کانگریس نے 500 روپئے میں گیس سلینڈر سربراہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خواتین کو ہر ماہ 2500 روپئے مدد کی جائے گی۔ رعیتو بھروسہ کے تحت کسانوں کو فی ایکر 15000 کی امداد دی جائے گی جبکہ زرعی مزدوروں کو سالانہ 12000 روپئے مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گروہا جیوتی اسکیم کے تحت ہر گھر کو ماہانہ 200 یونٹ بجلی مفت سپلائی کی جائے گی۔ضعیفوں،خواتین اوربے سہاراافراد کے ماہانہ وظیفہ کو 4000 روپئے کیا جائیگا۔کوڑنگل کے سابق رکن اسمبلی گروناتھ ریڈی موجود تھے۔