تاثیر،۲۳ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
آسٹریلیا کو 46 رنز کی برتری حاصل ، بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 406 رنز بنائے تھے۔
ممبئی، 23 دسمبر: آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ نے یہاں وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ہندوستان کے خلاف کھیلے جا رہے واحد ٹیسٹ میچ کے تیسرے میچ کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 233 رنز بنا لیے ہیں۔ آسٹریلیا کی مجموعی برتری 46 رنز ہو گئی ہے۔ الیسا ہیلی 12 اور ایشلے گارڈنر 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 219 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 406 رنز بنائے تھے اور پہلی اننگز کی بنیاد پر 187 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔
دوسری اننگز میں بھی آسٹریلیا کی شروعات خراب رہی اور بیتھ مونی (33) اور فوبی لیچ فیلڈ (18) 56 رنز کے اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔ بیتھ مونی رن آؤٹ ہوئیں، لیچفیلڈ کو اسنیہ رانا نے بولڈ کیا۔
اس کے بعد ایلیس پیری اور تہیلا میک گرا نے تیسری وکٹ کے لیے 86 رنز جوڑے۔ 140 کے مجموعی سکور پر اسنیہ رانا نے ایلیس پیری کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو تیسرا جھٹکا دیا۔ پیری نے 45 رنز بنائے۔ پیری کے آؤٹ ہونے کے بعد میک گرا نے کپتان الیسا ہیلی کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 66 رنزبنائے۔ 206 کے اسکور پر بھارتی کپتان ہرمن پریت کور نے میک گرا کو بولڈ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ میک گرا نے 73 رنز کی شاندار نصف سنچری کھیلی۔ اس کے بعد ہرمن نے ہیلی کو بھی آؤٹ کرکے ہندوستان کو پانچویں کامیابی دلائی۔ اس کے بعد اینابیل سدرلینڈ (ناٹ آؤٹ 12) اور ایشلے گارڈنر (07) نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور دن کا کھیل ختم ہونے پر ان کی ٹیم کا اسکور 5 وکٹوں پر 233 رنز تک پہنچا دیا۔
بھارت کی جانب سے اسنیہ رانا اور کپتان ہرمن پریت کور نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 406 رنز بنائے، چار بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
اس سے قبل بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں اسمرتی مندھانا (74)، رچا گھوش (52)، جمیمہ روڈریگز (73) اور دپتی شرما (78) کی شاندار نصف سنچریوں اور شیفالی ورما (40) اور پوجا وستراکر کی اہم اننگز کی بدولت 406 رنز بنائے اور 187 رنز کی نمایاں برتری حاصل کی۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایشلے گارڈنر نے 4، کم گارتھ اور اینابیل سدرلینڈ نے 2،2 اور جیس جوناسن نے 1 وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی پہلی اننگز 219 رنز تک محدود رہی، پوجا وستراکر نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلوی ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 77.4 اوورز میں 219 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے تہیلا میک گرا نے شاندار نصف سنچری کے ساتھ 50 رنز بنائے۔ تہیلا کے علاوہ بیتھ مونی نے 40 اور ایلیسا ہیلی نے 38 رنز بنائے۔ ان تینوں کے علاوہ کم گارتھ نے ناٹ آؤٹ 28 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے پوجا وستراکر نے 4، اسنیہ رانا نے 3 اور دپتی شرما نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

