تاثیر،۱۳ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
پرتھ ، 13 دسمبر: آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے موقع پر پاکستان نے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیم میں شامل دو کھلاڑی آل راؤنڈر عامر جمال اور دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر خرم شہزاد ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔ ٹیم کی کمان شان مسعود کے ہاتھ میں ہے۔جمال نے 2022 میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کے لیے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا اور 19ویں ایشین گیمز میں مین ان گرین کی نمائندگی بھی کی۔ دوسری جانب پرتھ ٹیسٹ خرم کا اپنے ملک کے لیے پہلا بین الاقوامی میچ ہوگا۔
دو نئے چہروں کی شمولیت کے ساتھ ساتھ چند کھلاڑی ایسے بھی ہیں جو ایک سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کر رہے ہیں جن میں فہیم اشرف اور تجربہ کار وکٹ کیپر سرفراز احمد شامل ہیں۔ امام الحق اور عبداللہ شفیق پاکستان کے لیے اوپننگ کرتے رہیں گے۔سابق کپتان بابر اعظم اپنی معمول کی نمبر 4 پوزیشن پر برقرار رہیں گے ، جب کہ ابرار احمد کی غیر موجودگی میں اسپن کی ذمہ داری سلمان علی آغا کو سونپی گئی ہے۔نسیم شاہ اور حارث رؤف کی غیر موجودگی میں فاسٹ باؤلنگ کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے اور انہیں فہیم سپورٹ کریں گے۔آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی پلیئنگ الیون: امام الحق ، عبداللہ شفیق ، شان مسعود (کپتان) ، بابر اعظم ، سعود شکیل ، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) ، سلمان علی آغا ، فہیم اشرف ، شاہین آفریدی ، عامر جمال اور خرم شہزاد

