تاثیر،۳ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
چھپرہ(نقیب احمد)
ملک کے پہلے صدر ڈاکٹر راجیندر پرساد کی 139 ویں یوم پیدائش راجندر اسمارک ٹرسٹ اور ضلع انتظامیہ کے زیراہتمام سرکاری تقریب کی شکل میں میونسپل چوک پر تزک و اہتشام کے ساتھ منعقد کی گئی۔موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود وزیر برائے فن و ثقافت جتندر رائے سمیت دیگر افراد نے راجندر بابو کے مجسمہ پر گلپوشی کر خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر وزیر مسٹر رائے نے کہا کہ ڈاکٹر راجندر پرساد سادی زندگی اور اعلیٰ افکار کے پیکر تھے۔انہوں نے جدوجہد آزادی میں سرکردہ رول ادا کرنے کے ساتھ جدید ہندوستان کی تعمیر میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ڈی ایم امن سمیر نے کہا کہ ڈاکٹر راجندر بابو ہمہ جہت شخصیت کے حامل تھے۔ان کی تعلیمات اور شخصیت آج بھی قابل تقلید ہیں۔اسمارک ٹرسٹ کے صدر ڈاکٹر کامیشور پرساد سنگھ نے کہا کہ ان کی سوانح حیات پر روشنی ڈالنا اسی وقت ممکن ہو سکتا ہے جب سونے کا قلم اور شہد کی سیاہی دستیاب ہو۔موقع پر ضلع سطحی افسران سمیت ڈاکٹر جئے رام سنگھ،ڈاکٹر شنکر چودھری،منوج کمار سنگھ بھاردواج،فیروز اقبال،ذاکر حسین،سندیپ روشن،جاوید اختر،فیصل انور،انوپ سریواستو،وغیرہ موجود تھے۔
دوسری جانب راجندر کالج میں جینتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔وزیر موصوف نے وہاں بھی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔اس موقع پر پرنسپل سشیل کمار سریواستو،کیپٹن وشوامتر پانڈے،پروفیسر پرشانت کمار سنگھ،پروفیسر دیویش رنجن،ہریہر پرساد،پروفیسر این پی ورما،پروفیسر سنجے بھٹ،پروفیسر وشال کمار سنگھ سمیت تمام عملہ اور بڑی تعداد میں طلبہ موجود تھے۔

