تاثیر،۱ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
سینٹیاگو، یکم دسمبر:ایف آئی ایچ خواتین کے جونیئر ورلڈ کپ 2023 کے اپنے دوسرے میچ میں ہندوستانی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم کو جمعہ کے روز جرمنی کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں 3-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ میں ہندوستان کے لیے انو (11′)، روپانی کماری (14′) اور ممتاز خان (24′) نے گول کیے، جب کہ جرمنی کے لیے سوفیا شوابے (17′)، لورا پلوتھ (21’، 36′)، اور کیرولین سیڈل (38′) نے گول کیے۔
ہندوستان نے ابتدائی کوارٹر میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور جرمنی کے دفاع پر دباو ڈالا۔ مسلسل دباو کے اس دور میں ہندوستانی ٹیم کو مسلسل پنالٹی کارنر ملے اور انو (11′) نے دوسرے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے زور دار شاٹ لگایا اور آخر کار اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلادی۔
ایک گول کی برتری حاصل کرنے کے بعد، ہندوستان کی پوزیشن اس وقت مزید مضبوط ہوگئی، جب روپانی کماری (14′) نے ایک اور پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کر دیا اور پہلے کوارٹر کے اختتام پر ہندوستان کو 2-0 سے آگے کردیا۔
دوسرے کوارٹر میں جرمنی نے زبردست واپسی کی اور سوفیا شوابے (17′) نے بہترین میدان میں گول کر کے اپنی ٹیم کاکھاتہ کھول دیا۔ اس گول کے 4 منٹ بعد لورا پلوتھ (21′) نے شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو 2-2 سے برابری پر لا دیا۔ تاہم، ہندوستان نے اس گول کا تیزی سے جواب دیا اور ممتاز خان (24′) نے شاندار گول کرکے ہندوستان کو 3-2 سے برتری دلادی۔ اس وقت تک ہندوستانی ٹیم 3-2 سے آگے تھی۔
ہاف ٹائم کے بعدبھارت نے اپنی برتری برقرار رکھنے کے لئے تیسرے کوارٹر میں گیند پر قبضہ کرنے کو ترجیح دی، اس کے باوجود جرمنی اسکور برابر کرنے میں کامیاب رہا۔ لورا پلوتھ (36′) نے میچ کا اپنا دوسرا گول کر کے جرمنی کو 3-3 سے برتری دلادی۔ اس کے بعد جرمنی نے جارحانہ موقف اختیار کرتے ہوئے اپنے حملوں میں تیزی لائی جس کا اسے فائدہ بھی ہوا اور کیرولین سائیڈل (38′) نے پنالٹی کارنر سے گول کر کے اپنی ٹیم کو 4-3 سے آگے کر دیا اور آخر کار یہی اسکور فیصلہ کن ثابت ہوا۔
ہندوستانی ٹیم ٹورنامنٹ کے اپنے تیسرے میچ میں 2 دسمبر کو بیلجیم کے خلاف کھیلے گی۔

