پنجاب حکومت نے گنے کی قیمت میں 11 روپے کا اضافہ کیا، کسانوں نے کہا۔ یہ ان کے ساتھ دھوکہ

تاثیر،۱ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

چنڈی گڑھ، یکم دسمبر: پنجاب حکومت نے گنے کی قیمت میں 11 روپے اضافہ کر دیا ہے ۔ وزیر اعلی بھگونت مان نے جمعہ کی صبح یہ معلومات دی۔اس کی اطلاع ملتے ہی اہم کسان لیڈران نے اسے کسانوں کے ساتھ دھوکہ قرار دیا ہے۔
پنجاب کے کسانوں نے گنے کی قیمت میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے چنڈی گڑھ میں چار روز تک احتجاج کیا۔ اس کے بعد وزیر اعلی بھگونت مان کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں گنے کی قیمتوں میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔ توقع تھی کہ وزیر اعلیٰ سرمائی اجلاس کے دوران گنے کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر سکتے ہیں لیکن اجلاس میں ایسا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
جمعہ کو پنجاب حکومت نے گنے کی قیمت میں 11 روپے کا اضافہ کر دیا۔ اب پنجاب میں گنا 391 روپے فی کوئنٹل کے حساب سے خریدا جائے گا۔ یہ ہریانہ سے 2 روپے زیادہ ہے۔ وزیر اعلی بھگونت مان نے 2023-24 کے لیے گنے کی قیمت (اسٹیٹ ایگرڈ پرائز) میں یہ اضافہ کیا ہے۔
کسان رہنما سرون سنگھ نے حکومت کے فیصلے کوخارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے تشکیل دی گئی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پنجاب میں گنے کی پیداواری لاگت 470 روپے فی کوئنٹل ہے۔ وزیر اعلی بھگونت مان نے کسانوں کے ساتھ میٹنگ میں گنے کی قیمتوں میں معقول اضافے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اس میں صرف 11 روپے کا اضافہ کر کے کسانوں کے ساتھ مذاق کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے کسان جلد فیصلہ کریں گے۔