تاثیر،۱۹ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
غزہ،19؍دسمبر:حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ جس نے غزہ میں اب بھی ایک سو زائد اسرائیلیوں کو قید کر رکھا ہے۔ ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں کچھ بوڑھے اسرائیلی اپنی اور اپنے ساتھیوں کی رہائی کی اپیل کر رہے ہیں۔اس ایک منٹ کی ویڈیو میں ایک 79 سالہ بوڑھا اسرائیلی ھائیم بیری ہے۔ یہ دو دوسرے قیدیوں کے درمیان بیٹھا ہوا ہے۔ اس کے دوسرے دونوں ساتھی بھی اس کے ہم عمر ہیں۔ ھائیم بیرے کیمرے کے سامنے کہہ رہا ہے ‘ہم سخت مشکل میں ہیں اور بیمار ہیں۔ ‘ھائیم بیری نے مزید کہا ‘میرے ساتھ باقی بوڑھوں کا بھی یہی حال ہے۔ ہم سب بہت مشکلات میں زندگی گذار رہے ہیں۔ ہمارا اس نسل سے تعلق ہے جس نے اسرائیل بنایا تھا ، ہم نے اسرائیلی فوج بھی بنائی تھی، لیکن ہمیں سمجھ نہیں آتی کہ ہمیں کیوں اس حال میں چھوڑ دیا گیا ہے اور ہماری رہائی کے لیے کوشش نہیں کی جاتی۔’بوڑھا اسرائیلی کیمرے کے سامنے اپنی اسرائیلی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہہ رہا ہے’ آپ کو ہمیں یہاں سے رہا کرانا ہوگا۔ خواہ اس کی کچھ بھی قیمت دینا پڑے۔ ہم یہاں اسرائیلی فوج کی بمباری میں نہیں مرنا چاہتے، رہا ہو کر گھر جانا چاہتے ہیں۔ ہمیں کسی بھی شرط پر رہا کراؤ، ہمیں یہاں بوڑھا ہو کر نہ رہنے دو۔’

