تاثیر،۲۳ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ریاض، 23 جنوری: لٹارو مارینیج کے اسٹاپیج ٹائم میں کئے گئے گول کی بدولت انٹر میلان نے پیر کو یہاں 10 کھلاڑیوں والے نیپولی کو 0-1 سے شکست دے کر مسلسل تیسری بار سپر کوپا کا خطاب جیتا۔
چار ٹیموں کے فارمیٹ میں ٹورنامنٹ کے پہلے ایڈیشن میں انٹر نے سیمی فائنل میں لازیو کو 0-3 سے شکست دی تھی، جبکہ نیپولی نے فیورینٹینا کو بھی تین گول کے فرق سے شکست دی۔
میچ کے 38 ویں منٹ میں لٹارو نے گول کردیا تھا لیکن بلڈاپ میں مارکس تھورم کے آف سائیڈ ہونے کی وجہ سے اسے خارج کر دیا گیا۔ میچ کے 60ویں منٹ میں جیوانی سیمون کو دوسرا پیلا کارڈ ملنے کے بعد باہر بھیج دیا گیا اور نیپولی 10 کھلاڑیوں کے ساتھ رہ گیا۔
انٹر نے اپنا دباو برقرار رکھا اور اس کا فائدہ انہیں 91 ویں منٹ میںملا جب بینجامن پاورڈ کے پاس پر لٹارو نے گول کرکے انہیں فتح دلائی۔
انٹر کے کوچ سیمون انزاگھی نے اپنی ٹیم کی جیت کے بعد کہا، ’’ میں اپنے کھلاڑیوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں، جنہوں نے تین دن پہلے سیمی فائنل کھیلا تھا۔ یہ سب کے لیے نیا تھا اور ہماری کارکردگی میں قدرے کمی آئی، لیکن ہماری ارتکاز کا لیول بہترین تھا اور ہم نے بہت اچھا دفاع کیا۔‘‘
انہوں نے کہا،’’ اس کا بڑا کریڈٹ ہمارے مداحوں کو بھی جانا چاہیے جنہوں نے طویل سفر طے کیا اور ہم ان کے ساتھ اس جیت کو بانٹنے کے لیے ان کے سامنے جشن منانا چاہتے تھے۔‘‘