تاثیر،۲۳ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 23 جنوری : وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنے قریبی وزیر وجے چودھری کے ساتھ منگل کے روز راج بھون میں گورنر راجندر وشواناتھ آرلیکر سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ اور گورنر کے درمیان راج بھون میں تقریباً 40 منٹ تک بات چیت ہوئی۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ اور گورنر نیتا جی سبھاش چندر بوس کے یوم پیدائش پر منعقدہ ریاستی تقریب میں پہنچے تھے۔نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو بھی تقریب میں موجود تھے۔ ریاستی تقریب کے اختتام کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کماربغیر نائب وزیر اعلیٰ کو ساتھ لئے اپنے قریبی وزیر وجے چودھری کے ساتھ راج بھو ن پہنچ گئے۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور ان کے قریبی وزیر وجے کمار چودھری تقریباً 40 منٹ تک راج بھون میں رہے۔ دونوں رہنماو?ں نے گورنر کے ساتھ بند کمرے میں بات چیت کی۔ نتیش کمار کے راج بھون پہنچنے کے بعد بہار کی سیاست میں طرح طرح کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ فریقین کی تبدیلی کے بارے میں بحث تیز ہو گئی ہے۔ تاہم ابھی تک دونوں کے درمیان بات چیت کے معاملات سامنے نہیں آئے ہیں۔
ایک روزقبل ہی ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ نتیش کمار 29 جنوری کو کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی نیائے یاترا میں حصہ لیں گے۔ راہل گاندھی اس وقت آسام میں ہیں۔ ان کی بھارت جوڑو نیائے یاترا 29 جنوری کو بہار میں داخل ہوگی۔ یہ یاترا 30 جنوری کو کشن گنج کے راستے پورنیہ پہنچے گی۔ نتیش کمار پورنیہ میں راہل گاندھی کے ساتھ اسٹیج شیئر کریں گے۔ حالانکہ جے ڈی یو نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔

