تاثیر،۱۰ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ٹھاکر گنج(محمد شاداب غیور)کشن گنج ضلع کے مختلف بلاکوں میں مسلم لیگ کی جانب سے غرباء و مساکین اور ضرورتمندوں کے درمیان کمبل تقسیم کئے گئے ہیں۔کشن گنج ضلع میں ان دنوں کڑاکے کی سردی پڑ رہی ہے جس سے بہت سارے غرباء و مساکین اور بے سہارا لوگ ٹھنڈ سے ٹھٹھورتے نظر آرہے ہیں ایسے میں مسلم لیگ نے کمبل تقسیم کرکے غرباء و مساکین کی ٹھنڈ سے نجات کے لئے اس ضرورت کو پورا کرکے بھلائی کا کام کیا ہے جس کی لوگ پذیرائی کر رہے ہیں۔مسلم لیگ کے کشن گنج کے ذمہ دار منور عالم نے بتایا کہ مسلم لیگ کی جانب سے کل تیس ہزار کمبل تقسیم کرنے کے لئے یہاں دیئے گئے ہیں جن میں ابھی کچھ تقسیم ہوئے ہیں اور مذید تقسیم ہوں گے۔اور انشاء اللہ دو تین دنوں میں یہ پورے تیس ہزار کمبل تقسیم کر دیئے جائیں گے۔مسٹر منور عالم نے کہا کہ الحمد للہ مسلم لیگ کشن گنج ضلع سمیت سیمانچل کے مختلف علاقوں میں سماجی و فلاحی کاموں کو انجام دیتی رہی ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی مسلم لیگ کی جانب سے یہ فلاحی کام ہوتے رہیں گے۔مسٹر منور عالم نے کہا کہ غرباء و مساکین اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرنا اور ہمیشہ انسانیت کی خدمت کے لئے آگے بڑھ چڑھ کر حصہ لینا مستحسن اقدام ہے جس میں مسلم لیگ ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بار شروع جنوری سے ہی ٹھنڈ بے تحاشہ بڑھی ہوئی ہے حالانکہ پیچھلے چند سال قبل تک ٹھنڈ میں بہت ساری سماجی و رفاحی تنظیموں کی جانب سے کمبل تقسیم کرنے کا یہ فلاحی کام کیا جاتا رہا تھا لیکن پیچھلے دو تین برسوں سے اس میں کمی آئی ہے لیکن مسلم لیگ نے انسایت کی خدمت کا جو عزم کر رکھا ہے اسے ہر حال میں انجام دیتی رہے گی۔

