تاثیر،۲۴ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 24 جنوری 2024: بھارت رتن جننائک کرپوری ٹھاکر جی کے 100 ویں یوم پیدائش کے موقعہ پر جے ڈی یوکے ذریعہ وٹنری کالج میں منعقدہ پروگرام میں وزیر اعلیٰ نے شرکت کی۔ جے ڈی یو لیڈروں اور کارکنوں نے وزیر اعلیٰ کا شاندار استقبال کیا۔ پروگرام کے آغاز میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھارت رتن جننائک کرپوری ٹھاکر کی تصویر پر گلپوشی کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ جننائک کرپوری ٹھاکر جی کی پیدائش کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔ آج یہاں لاکھوں کی تعدادمیں آپ لوگ آئے ہیں۔ تقریباً 2 لاکھ لوگ یہاں موجود ہیں اور لوگوں کی بڑی تعداد راستے میں بھی ہے۔ میں جننائک کرپوری ٹھاکر جی کے یوم پیدائش پر منعقد ہونے والے تمام پروگراموں میں شرکت کرتا ہوں۔ میں سمستی پور میں ان کے گاؤں بھی گیا تھا۔ ان کے گھر جاکر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کر تا ہوں۔ آج ان کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں بھارت رتن سے نوازا گیا ہے، یہ بڑی خوشی کی بات ہے۔ 2007 سے 2023 تک ہر سال انہیں بھارت دیے جانے کی اپل کر تے رہیں ہیں، چاہے وہ کانگریس کی حکومت رہی ہو یا این ڈی اے کی، لیکن آج مرکزی حکومت نے انہیں بھارت رتن دیا، جس کے لیے میں مرکزی حکومت کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم جی کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیر اعظم نے۔جناب رام ناتھ ٹھاکر جی کو وزیر اعظم نے فون کر کے مبارکباد دی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج ہم لوگوں نے جننائک کرپوری ٹھاکر جی کے کام کو آگے بڑھایا ہے۔لیکن آج کل لوگ کنبہ پروری کو فروغ دیتے ہیں۔ جب جننائک کرپوری ٹھاکر جی کا انتقال ہوا تو ہم ان کے بیٹے جناب رام ناتھ ٹھاکر جی کو آگے بڑھایا۔ ان کو پارٹی میں مقام دیا، وزیر بنایا، ممبر پارلیمنٹ بنایا۔ آج کل بہت سے لوگ اپنے خاندان کو آگے لے جانے میں مصروف ہیں لیکن جننائک نے کبھی اپنے خاندان کو آگے نہیں بڑھایا اور ان سے سبق لیتے ہوئے ہم نے بھی اپنے خاندان کو کبھی آگے نہیں بڑھایا۔ ملک میں پہلی مرتبہ پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات کو جوڑ کر ریزرویشن دیا گیا۔ 1978 میں پہلی مرتبہ جننائک کرپوری ٹھاکر جی نے پسماندہ طبقے کو 8 فیصد اور انتہائی پسماندہ طبقے کو 12 فیصد ریزرویشن دیا۔ انتہائی پسماندہ طبقات غریب ہیں اور ان کی تعداد بھی زیادہ ہے۔ ہمیں جننائک کے کاموں کو ہمیشہ یاد رکھنا ہے۔ انہوں نے پہلی مرتبہ بہار میں شراب پر پابندی لگائی لیکن انہیں وقت سے پہلے ہی عہدے سے ہٹا دیا گیا، پھر شراب پر پابندی بھی ختم ہو گئی۔ پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات کی فلاح ہونی چاہیے۔ ان کی وفات کے بعد سے ہی ہم پروگرام کر تے آئے ہیں۔ جننائک کرپوری ٹھاکر جی جس سرکاری گھر میں رہتے تھے وہ آج بھی ایک میوزیم کے طور پر محفوظ ہے۔ وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے جننائک کرپوری ٹھاکر جی نے تعلیم کے میدان میں بہت کام کیا تھا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم لوگ بابائے قوم مہاتما گاندھی، رام منوہر لوہیا، ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر، لوک نائک جئے پرکاش نارائن اور جننائک کرپوری ٹھاکر جی کے نظریات پرچلنے والے لوگ ہیں۔ ہمیں موقع ملا تو ہم نے ان لوگوں کے کام کو آگے بڑھایا۔ تعلیم، صحت ہر شعبے میں ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ سڑکوں اور پلوں کے ساتھ ساتھ ہر گھر کو بجلی فراہم کی گئی ہے اور ہر گھر تک نل کا جل پہنچایا گیا ہے۔ ہر گھر تک پکی گلیاں اور نالیاں بنائی گئیں۔ ہر گھر میں اجابت خانہ کی تعمیر کرائی گئی ہے۔ اگر ہم کھلے میں رفع حاجت سے نجات ا حاصل کر لیں اور پینے کے صاف پانی کا انتظام کر لیں تو آج ہونے والی 90 فیصد بیماریوں سے نجات مل جائے گی۔ ٹولوں کو گاؤں کی سڑکوں سے جوڑا گیا ہے۔ پنچایتوں کی باقی اسکیمیں بھی مکمل کی جارہی ہیں۔سات نشچے 2 کے تحت بہت سے ترقیاتی کام کئے جا رہے ہیں۔ جل،جیون،ہریالی مہم چلائی جا رہی ہے۔ جل،جیون، ہریالی کا مطلب ہے کہ زندگی تب ہی محفوظ ہے جب پانی اور ہریالی ہو۔ سولر پاور کا کام بھی تیز رفتاری سے جاری ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم لوگوں نے ذات کی بنیاد پر گنتی کرائی۔ اس میں ذات کی گنتی کے ساتھ ساتھ ہر خاندان کی معاشی حالت کا جائزہ لیا گیا۔ ریزرویشن کی حد بڑھا دی گئی۔ درج فہرست ذاتوں کے لیے ریزرویشن کی حد بڑھا کر 20 فیصد، درج فہرست قبائل کے لیے 2 فیصد، انتہائی پسماندہ طبقات کے لیے 25 فیصد اور پسماندہ طبقات کے لیے 18 فیصد کر دیا گیا ہے۔ ریزرویشن کی حد 50 فیصد سے بڑھا کر 65 فیصد کر دی گئی۔ اعلیٰ ذات کے معاشی طور پر پسماندہ لوگوں کو مرکزی حکومت نے 10 فیصد ریزرویشن دیا ہے، جسے ہم نے اپنی ریاست میں بھی نافذ کیا ہے۔ مجموعی طور پر ریزرویشن کی حد 75 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ذات پر مبنی گنتی کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ تمام ذاتوں، طبقوں اور مذاہب میں غریب خاندان ہیں۔ ان کی تعداد 94 لاکھ ہے۔ ہم ہر غریب خاندان کو 2-2 لاکھ روپے دیں گے تاکہ وہ اپنا کام کر سکیں۔ جیویکا سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعے چلائی جا رہی ستت جیویکو پارجن اسکیم کے تحت دی جانے والی ایک لاکھ روپے کی رقم کو بڑھا کر 2 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔ہم عوامی لیڈر کرپوری ٹھاکر جی کے خیالات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ہم لوگ ہمیشہ کرپوری جی کو یاد کرتے ہیں۔ ہم آپ سب سے گزارش کریں گے کہ ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور بھائی چارے کے ساتھ رہیں۔ ہندو اور مسلمان سب کو ایک دوسرے کے ساتھ محبت سے رہنا چاہیے۔ سب کو ایک دوسرے کے مفادات کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ جننائک کرپوری ٹھاکر جی کے 100 ویں یوم پیدائش پر، پارٹی کے لوگوں نے یہاں ایک پروگرام منعقد کیا ہے جس میں آپ لوگ آئے ہیں، میں آپ سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ہمارے پاس جننائک کرپوری ٹھاکر جی کا احترام ہے، ہم ان کے خاندان کا بھی احترام کرتے ہیں۔ پارٹی کے تمام رہنما یہاں موجود ہیں، میں سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ہم ریاست کے مفاد میں کام کرتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ جنائک کرپوری
ٹھاکر جی کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
پروگرام میں جے ڈی یو کے سابق قومی صدر جناب راجیو رنجن سنگھ عرف لالن سنگھ، جے ڈی یو کے قومی نائب صدر جناب وششٹھ نارائن سنگھ، وزیر توانائی جناب بیجیندر پرساد یادو، مالیات، کمر شیل ٹیکس اور پارلیمانی امور کے وزیر جناب وجے کمار چودھری، عمارت تعمیرات کے وزیر جناب اشوک چودھری، جننائک کرپوری ٹھاکر کیصاحبزادے اور راجیہ سبھا کے رکن جناب رام ناتھ ٹھاکر، جے ڈی یو کے قومی ترجمان جناب کے سی تیاگی، دیہی ترقیات کے وزیر شرون کمار، خوراک و صارفین تحفظ کی وزیر مسز لیشی سنگھ، جے ڈی یو لیڈر منگنی لال منڈل، جے ڈی یو کے ریاستی صدر جناب امیش کشواہا سمیت دیگر وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ارکان قانون ساز کونسل، دیگر عوامی نمائندے اور بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔

