تاثیر،۴فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں، 4 فروری : جموں و کشمیر کے ادھم پور ضلع میں اتوار کی صبح ایک کار اور ٹرک کے درمیان تصادم میں ایک ہی کنبے کے چار افراد لقمہ اجل بن گئے۔تفصیلات کے مطابق ٹرک کے ساتھ تصادم کا شکار ہوئی کار جموں سے کشمیر کی طرف جا رہی تھی۔ حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ جموں سری نگر قومی شاہراہ پر ٹکری کے قریب سلور میں ہفتہ اور اتوار کہ درمیانی شب پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ تیز رفتار سے چلنے والے ٹرک نے کار کو ٹکر مار دی۔ٹکر لگنے کی وجہ سے کار وسرے ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار میاں بیوی اور اْن کی دو بیٹیوں کی موت واقع ہو گئی۔اس دلخراش حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نتن ڈوگرہ ،ریتو زوجہ نتن ڈوگرہ خوشی اور وانی دختران نتن ڈگرہ کے طور پر ہوئی ہے۔ جبکہ حادثے میں نتن کی ایک دختر برندا کوشدید چوٹیں آئیں۔ حکام نے بتایا کہ پولیس نے اس ضمن میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہونے والے ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کر دی گئی ہے۔دریں اثنا، اتوار کی صبح جموں کے ججر کوٹلی علاقے میں ایک ٹرک حادثے کا شکار ہو گیا۔جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔حکام نے بتایا کہ گائے کے جانوروں سے لدی گاڑی صبح 5 بجے کے قریب جموں کے جھجر کوٹلی علاقے میں منوال کے قریب ایک پل سے نیچے گر گئی۔پولیس نے بتایا کہ اس حادثے میں ایک درجن سے زائد مویشیوں کی بھی موت ہو گئی، انہوں نے مزید کہا کہ ٹرک جندرہ سے منوال کی طرف جا رہا تھا اور سونو گاؤں کے قریب پل سے نیچے گر گیا۔

