تاثیر،۲۳فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 23 فروری :مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا سمیت ریاست کے دیگر حصوں میں ہورہی بارش کے بعد ا?خر کار درجہ حرارت میں گراوٹ ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے علاقائی ہیڈکوارٹر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دارالحکومت کولکاتا میں جمعہ کو کم سے کم درجہ حرارت 20.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ معمول سے ایک ڈگری کم ہے۔اس کے علاوہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28.2 ڈگری سیلسیس ہے جو معمول سے دو ڈگری کم ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے سے کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 سے 32 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہا۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دارالحکومت کولکاتا میں 5.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔کولکاتا کے علاوہ ریاست کے دیگر حصوں بشمول ہاوڑہ، ہگلی، شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ، مشرقی اور مغربی میدنی پور، پرولیا، بنکورا میں بھی اسی طرح کی ہلکی بارش کے بعد درجہ حرارت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ تاہم گرمی برقرار ہے۔ فی الحال مغربی بنگال میں ہلکی بارش اس ہفتہ بھر جاری رہے گی۔ شمالی بنگال کے علی پور دوار، کوچ بہار، جلپائی گوڑی، دارجلنگ اور کلمپونگ میں بھی ایسا ہی موسم ہے۔