بھارت جوڑو نیائے یاترا کے تحت راہل گاندھی کا قافلہ دھنباد پہنچا

تاثیر،۴فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

دھنباد، 4 فروری:کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق قومی صدر راہل گاندھی نے اتوار کو بھارت جوڑو نیائے یاترا کے تحت دھنباد میں روڈ شو کیا۔ راہل گاندھی نے روڈ شو کے ذریعے دھنباد کے لوگوں کی مبارکباد قبول کی اور عوام سے خطاب بھی کیا۔راہل گاندھی ہفتہ کی شام ہی جامتاڑا کے راستے دھنباد پہنچے تھے۔ ٹنڈی میں رات کے آرام کے بعد راہل گاندھی کا قافلہ آج صبح عوامی رابطہ کے لیے روانہ ہوا۔ راہل گاندھی اسٹیل گیٹ، اسٹیشن روڈ، بنک موڑ، کرکنڈ، مہودا سے ہوتے ہوئے گووند پور سے بوکارو کے لیے روانہ ہوئے۔دھنباد کے مختلف مقامات پر کانگریس کارکنوں نے راہل گاندھی کا پرتپاک استقبال کیا۔ راہل گاندھی 500 گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ دھنباد کی سڑکوں سے گزرے۔ راہل گاندھی کو دیکھنے کے لیے دھنباد کے لوگ بھی سڑکوں پر نظر آئے۔ ہر طرف راہل گاندھی زندہ باد کے نعرے لگ رہے تھے۔ کانگریس کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے ان کا استقبال کیا۔ راہل کے پروگرام کے پیش نظر ضلع میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔دھنباد میں بینک موڑ کے قریب عام لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے مرکزی حکومت پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک کی معیشت کو مٹھی بھر ارب پتیوں کے حوالے کر دیا ہے۔ بہت جلد، بوکارو کی سیل اور بہت سی دوسری پبلک سیکٹر کمپنیاں اپنا سرمایہ کھو دیں گی۔ اس لیے بہت جلد اس حکومت کا تختہ الٹنے کا وقت آ گیا ہے۔ آپ کو 2024 میں نئی حکومت بنانی چاہیے۔ موجودہ مرکزی حکومت نے کسانوں کے قرضے معاف نہیں کیے ہیں اور قبائلیوں سے ان کے پانی، جنگلات اور زمین کے حقوق بھی چھین رہے ہیں۔ خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا۔ اقلیتوں کو مناسب انصاف نہیں دیا جا رہا ہے۔ ایسے میں وہ ملک کے تمام شہریوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے نکلے ہیں۔