تاثیر،۲۵فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 25 فروری: بہار میں تیجسوی کی جن وشواس یاترا مسلسل جاری ہے ، ایسے میں پاٹلی پتر اکے رکن اسمبلی رام کرپال یادو نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جس کے پاس دینے کے لیے کچھ نہیں ہے ، وہ صرف دوسروں کو نوکریوں کا کریڈٹ سنا سنا کراپنے دل کو مطمئن کر رہے ہیں۔ عوام جانتے ہیں کہ ڈبل انجن والی حکومت کی وجہ سے بہار میں ترقی ہوئی ہے۔
اس دوران پاٹلی پترا کے ایم پی رام کرپال یادو نے مسوڑھی میں ایک پروگرام کے دوران کہا کہ تیجسوی جن وشواس یاترا کے دوران اسٹیج سے لوگوں کو نوکریاں دینے کا کریڈٹ لے رہے ہیں ، یہ صرف دکھاوا ہے۔ تیجسوی ترقی کا ڈرامہ کر رہے ہیں۔ پورا بہار جانتا ہے کہ ان کے پورے خاندان نے کیا ڈیولپمنٹ کیا ہے۔
رام کرپال نے کہا کہ اگر آر جے ڈی حکومت میں بہار میں ترقی ہوئی ہوتی تو آج بہار کا منظرنامہ مختلف ہوتا۔ ایسے میں آنے والے انتخابات میں عوام ایسے گھپلے کرنے والوں اور زمین کے بدلے نوکریاں دینے والوں کو سبق سکھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا کی 40 میں سے 40 سیٹوں پر این ڈی اے کی حکومت بنے گی اور بہار میں ترقی دوگنی رفتار سے ہوگی۔
رام کرپال یادو نے کہا کہ پی ایم مودی نے گذشتہ 10 سالوں میں ملک میں جو کام کیا ہے وہ آج ہر ملک کے باشندے کی خواہش بن گیا ہے۔ بہار میں وزیر اعلیٰ نے ترقی کا جو ماڈل دکھایا ہے ، وہ بہار میں کوئی اور حکومت نہیں کر پائے گی۔

