سونیا گاندھی نے رائے بریلی کے لوگوں کو خط لکھ کر اظہار تشکر کیا

تاثیر،۱۵فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 15 فروری: راجستھان سے راجیہ سبھا کے لیے نامزدگی داخل کرنے کے ایک دن بعد جمعرات کو کانگریس کی سابق قومی صدر سونیا گاندھی نے اپنے پارلیمانی حلقہ رائے بریلی کے لوگوں سے اظہار تشکر کیا۔ سونیا نے کہا کہ بڑھتی عمر اور صحت کی وجہ سے وہ اب لوک سبھا الیکشن نہیں لڑیں گی۔
سونیا نے خط میں لکھا کہ رائے بریلی کے میرے پیارے اہل خانہ، دہلی میں میرا خاندان ادھوراہے۔ وہ رائے بریلی آکر آپ سب سے مل کر پورا ہوتاہے۔ یہ رشتہ بہت پرانا ہے اور مجھے اپنے سسرال کی طرف سے نصیب ہوا ہے۔ رائے بریلی کے ساتھ ہمارے خاندان کے تعلقات بہت گہرے ہیں۔ آزادی کے بعد ہونے والے پہلے لوک سبھا انتخابات میں آپ نے میرے سسر فیروز گاندھی کو یہاں سے جیتا کر دہلی بھیج دیا تھا۔ ان کے بعد آپ نے میری ساس اندرا گاندھی کو اپنا بنا لیا۔ اس کے بعد سے اب تک یہ سلسلہ زندگی کے نشیب و فراز اور دشوار گزار راستوں سے محبت اور جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے اور اس پر ہمارا ایمان مزید پختہ ہوتا چلا گیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ آپ نے مجھے اس روشن راستے پر چلنے کی جگہ بھی دی۔ اپنی ساس اور اپنے جیون ساتھی کو ہمیشہ کے لیے کھونے کے بعد میں آپ کے پاس آئی اور آپ نے میرے لیے بازو پھیلا دیے۔ پچھلے دو انتخابات میں آپ مشکل حالات میں بھی چٹان کی طرح میرے ساتھ کھڑے رہے، میں اسے کبھی نہیں بھول سکتی۔ مجھے یہ کہتے ہوئے فخر ہے کہ آج میں جو کچھ بھی ہوں آپ کی وجہ سے ہوں اور میں نے ہمیشہ اس اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کی ہے۔
سونیا نے لکھا کہ صحت اور بڑھتی عمر کی وجہ سے وہ اگلا لوک سبھا الیکشن نہیں لڑیں گی۔ اس فیصلے کے بعد انہیں براہ راست خدمت کا موقع نہیں ملے گا لیکن یہ بات یقینی ہے کہ ان کا دل و جان ہمیشہ آپ کے ساتھ رہے گا۔ میں جانتی ہوں کہ آپ میرا اور میرے خاندان کا ہر مشکل میں اسی طرح خیال رکھیں گے جس طرح آپ اب تک میرا خیال رکھتے رہے ہیں۔ بزرگوں کو سلام۔ چھوٹوں سے پیار، جلد ملنے کا وعدہ۔