سہسرام نیو بس سٹینڈ کے قریب ایک نوجوان کی لاش برآمد،زہر دیکر قتل کا ہے الزام

تاثیر،۲۷فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) سہسرام مفصل تھانہ علاقہ میں واقع نئے بس اسٹینڈ کے قریب سے پولس نے آج ایک نوجوان کی لاش برآمد کی ہے ۔ مرنے والے کی شناخت اجیت پانڈے ولد راجیش پانڈے کے طور پر کی گئی ہے جو شیو ساگر تھانہ علاقہ کے سونہر گاؤں کا رہنے والا ہے ۔ اطلاع ملتے ہی سہسرام  مفصل تھانہ کی پہنچی پولس نے لاش کو اپنے قبضہ میں لیکر صدر اسپتال سہسرام میں پوسٹ مارٹم کراکر لاش کو اسکے ورثاء کے حوالے بھی کر دیا ہے، اسپتال پہنچے متوفی کے گھر والوں نے بتایا کہ اجیت پانڈے عرف نیتا پانڈے گھر سے باہر تھے جو آج کی گزری شب اپنے گھر نہیں پہنچے تھے مگر آج جب انکی لاش نیو بس اسٹاپ کے قریب سے برآمد ہوئی تو کہرام سا ہو گیا، اس موت سے متعلق اہل خانہ نے کہا کہ زہر دیکر قتل کیا گیا ہے ۔ تھانہ صدر روشن کمار نے بتایا کہ اہل خانہ کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف قتل کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے ۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آتے ہی مزید کارروائی کی جائیگی، فی الحال معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے ۔