مظفر پور میں پولیس اور بینک لٹیروں کے درمیان جھڑپ، درجنوں راؤنڈ چلی گولیاں، ایک بدمعاش زخمی

تاثیر،۲۵فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

مظفرپور، 25 فروری:بہار کے مظفر پور میں پولیس اوربدمعاشوں کے درمیان فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ یہ پورا معاملہ کانتی تھانہ علاقہ کے سائیں گاوں کا ہے جہاں گزشتہ دو دنوں میں پنجاب نیشنل بینک میں لوٹ کی واردات پیش آئی۔ اس حوالے سے پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر چھاپہ ماری کرنے آئی تھی جہاں بدمعاشوں نے پولیس پر نصف درجن سے زائد گولیاں چلائیں۔ جس کے بعد پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی۔پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی اور بدمعاشوں کو منہ توڑ جواب دیا۔ اس دوران ایک مجرم کو گولی لگی۔ اس کے علاوہ پولیس نے موقع سے دو دیگر بدمعاشوں کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے بینک لوٹ کے دوران بدمعاشوں کی جانب سے گارڈ سے چھینی گئی رائفل بھی برآمد کر لی ہے۔ یہ پوری کارروائی سٹی ایس پی اودھیش سروج ڈکشٹ کی قیادت میں کی گئی۔ فائرنگ کے دوران بدمعاش کے پیر میں گولی لگی۔بدمعاش رنجن پٹیل کانتی کے سائیں گاوں کا رہنے والاہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ رنجن پٹیل بینک لو ٹ معاملے میں ملوث تھا اور اسی دن اس نے ایک گارڈ کے پیر میں گولی مار دی تھی۔ اس فائرنگ میں پولیس کی ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ لوٹی گئی رائفل بھی پولیس نے 41 گھنٹے کے اندر برآمد کر لی۔ واقعے کے بعد ایس ایس پی راکیش کمار ایس کے ایم سی ایچ اسپتال پہنچے ، جہاں علاج کے لیے داخل زخمی بدمعاش سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ تاہم پولیس فی الحال کچھ کہنے سے گریز کر رہی ہے۔ فائرنگ کے بعد سائیں گاؤں میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ پولیس ٹیم نے علاقے میںکیمپ کر رہی ہے۔