تاثیر،۲۷فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
میرٹھ، 27 فروری:میرٹھ ضلع کے موانا تھانہ علاقہ کے پھٹکری روڈ پر منگل کو ٹائر پگھلانے والی فیکٹری کا بوائلر پھٹ گیا جس کے باعث دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔ ڈی ایم، ایس ایس پی سمیت تمام افسران موقع پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔
میرٹھ کے رہائشی امت ٹھاکر اور دیپک جین نے موانا کے پھٹکری گاؤں کے راستے پر ٹائر پگھلانے کا کارخانہ لگایا ہے۔ فیکٹری میں ٹائر پگھلا کر تیل، راکھ اور تاروں کو الگ کیا جاتا ہے۔ انچولی تھانہ علاقہ کے کشوری پور گاؤں کے لوگ اس فیکٹری میں کام کرتے ہیں۔
منگل کی صبح سب لوگ فیکٹری میں کام کر رہے تھے کہ اچانک فیکٹری کا بوائلر پھٹ گیا۔ جس کے باعث فیکٹری میں کام کرنے والے دو ملازمین ہلاک جبکہ تین افراد بری طرح جھلس گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال میں داخل کروایا۔ ہلاک ہونے والوں میں شنکر اور پروین شامل ہیں۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پالیا ہے۔