ٹاپ پوزیشن کے لیے کیرالہ بلاسٹرس کو چیلنج دے گا اڈیشہ

تاثیر،۲فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بھونیشور، 2 فروری: انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) 24-2023 میں جوش و خروش اس وقت اپنے عروج پر ہوگا جب بدھ کی رات اڈیشہ ایف سی کیرالہ بلاسٹرس ایف سی کی میزبانی بھونیشور کے اپنے ہوم گراونڈ کلنگا اسٹیڈیم میں کرے گا۔ موجودہ آئی ایس ایل سیزن میں بہت سی کہانیاں سامنے آئی ہیں اور ان میں سب سے قابل ذکر سرجیو لوبیرا کی جگرناٹس کے ساتھ واپسی ہے۔ ایف سی گوا اور ممبئی سٹی ایف سی کے ساتھ کامیاب دوروں کے بعد ہسپانوی کوچ نے ایک ایسے کلب میں ایک نیا چیلنج لینے سے پرہیز نہیں کیا جو پچھلے کچھ سیزن سے ٹیبل کے درمیان مسلسل اٹکا ہواتھا۔
لوبیرا نہ صرف کلب میں جیتنے کی ذہنیت لے کر آئے بلکہ براعظمی سطح پر اپنی کامیابیوں کو بھی آگے بڑھایا۔ اس سے جگرناٹس کو اے ایف سی کپ کے ناک آوٹ کے لیے کوالیفائی کرنے میں مدد ملی۔ فی الحال اڈیشہ آئی ایس ایل پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر ہے اور سرفہرست ٹیم کیرالہ بلاسٹرز ایف سی سے صرف دو پوائنٹس پیچھے ہے۔ اس میچ میں جیت انہیں ایوان ووکومانووچ کے بلاسٹرز کو پیچھے چھوڑ کر ٹاپ پر پہنچا دے گی۔ وہیں مثبت نتیجہ کوچی ٹیم کو اپنے قریبی حریفوں سے دوری بنانے میں مدد کرے گا۔
دوسری طرف کیرالہ بلاسٹرز ایف سی لیگ کے ہاف ٹائم تک ٹاپ پوزیشن پر رہنے کی وجہ سے فائدہ مند پوزیشن میں ہے۔ تیز طرار فارورڈز اور مضبوط دفاع کے زور پر بلاسٹر نے اکثر گھر پر ملی حمایت سے پرجوش ہوکر متاثر کن مظاہرہ کیا۔ حالانکہ اڈیشہ کے ساتھ مقابلہ ایک مختلف چیلنج ہوگا۔ اڈیشہ ایف سی نے سیزن کا آغاز تھوڑی لڑکھڑاہٹ کے ساتھ کیا، لیکن ان کی مہم آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ اعتماد میں اضافہ ہوا۔ لہٰذا ان کے گھر پر جگرناٹس کا سامنا کرنا آسان نہیں ہوگا۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 22 میچ کھیلے جا چکے ہیں، جس میں اڈیشہ ایف سی نے 8 اور کیرالہ بلاسٹرز نے 7 میچ جیتے ہیں، جب کہ 7 میچ ڈرا ہوئے ہیں۔