تاثیر،۴فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 4 فروری(ہ س)۔ راجدھانی پٹنہ کے بائی پاس تھانہ علاقے کے ٹیچرکالونی میں واقع ایک موبل اسٹور میں آگ لگ گئی جس سے آس پاس کے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ کچھ ہی دیر میں آگ نے پورے گودام کو زدمیں لے لیا۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی پورے علاقہ کے لوگ وہاں جمع ہوگئے اور واقعہ کی اطلاع بائی پاس تھانہ کے ساتھ ساتھ فائر بریگیڈ کی گاڑی کو دی گئی جہاں اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی درجنوں گاڑیاں پہنچ گئیں۔ موقع پر پہنچ کر آگ بجھانا شروع کر دی۔
واضح ہوکہ اس ڈپو میں جلے ہوئے اور پرانے موبل کو ڈرموں میں جمع کرکے ری سائیکل کیا گیا تھا ، جہاں اچانک آگ نے خوفناک شکل اختیار کرلی۔ آگ کے شعلوں کو دیکھ کر آس پاس کے لوگ گھروں سے نکل کر باہر بھاگنے لگے جبکہ مقامی پولیس نے وہاں پہنچ کر لوگوں کو آگ کے شعلوں سے نکال کر معاملے کی تحقیقات شروع کردی۔ آگ لگنے کی وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی تاہم اس آگ میں لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پٹنہ سٹی ، پھلواری شریف ، کنکڑباغ ، دانا پور ، لودی پور اور سکریٹریٹ تھانوں کی فائر بریگیڈ کی تقریباً دو درجن گاڑیاں آگ پر قابو پانے کے لیے وہاں پہنچ گئیں۔ آگ کے شعلے بہت زوردار تھے جس کی وجہ سے آس پاس کے لوگ اسے بجھانے کی کوشش بھی نہیں کر رہے تھے۔ حالانکہ لوگوں نے اپنے گھروں کی حفاظت کے لیے پائپ لگا کر پانی پھینکنا شروع کر دیا۔

