کاروان اردو قطر کے زیر اہتمام شعری نشست

تاثیر،۱۲فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

دوحہ 9/جنوری 2024 کی شب نو بجے الاندلس کلب ہال، الہلال میں شعرو سخن کے حوالے سے ایک خوبصورت شعری محفل کا انعقاد کیا گیا، محفل کی صدارت کاروان اردو قطر کے چیئرمین جناب عظیم عباس نے فرمائی، مہمان خصوصی کی حیثیت سے دوحہ قطر کی معروف سماجی اور تجارتی شخصیت جناب شیخ تنویر احمد شریک ہوئے، جبکہ مہمان اعزازی کی نشست کو ‘مجلس فروغ اردو ادب’ قطر کے صدر جناب قمر الزماں بھٹی نے رونق بخشی۔

نشست کی نظامت کے فرائض، کاروان اردو قطر کے نائب صدر جناب راشد عالم راشد نے ادا کیے، انہوں نے فیض احمد فیض کے کلام کو ایک طرح سے نظامت کی تھیم کے طور پر استعمال کیا اور نہایت کامیابی کےساتھ نظامت کا حق ادا کیا۔ جناب محمد فاروق آسامی نے سورہ زلزال کی تلاوت سے محفل کا آغاز کیا اور مندرجہ ذیل شعرا نے اپنے منتخب کلام سے سامعین کو محظوظ کیا:
راقم اعظمی، سید شکیل احمد، ڈاکٹر وصی بستوی، راشد عالم راشد، مقصود انور مقصود،اعجاز حیدر، عزیز نبیل اور عتیق انظر۔

یہ محفل اگرچہ مختصر رہی ، یعنی نو بجے شروع ہو کر تقریبا گیارہ بجے ختم ہوگئی، لیکن اس اعتبار سے بڑی منفرد رہی کہ اس میں قطر کے نہایت منتخب اور باذوق سامعین شریک ہوئے ، اس کے علاوہ خواتین اور بچے بھی موجود رہے، جن کی شرکت عام طور پر اس طرح کی مجلسوں میں شاذو نادر ہی ہوتی ہے اور جن کی شرکت اردو زبان کی مجلسی روایات اور اس کی تاثیر و ہمہ گیری کو آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے کے لیے بےحد اہم اور ضروری ہے۔

کاروان اردو قطر کے چیرمین جناب عظیم عباس نے اپنی صدارتی گفتگو میں اسٹیج سے یہ اعلان کیا کہ کاروان اردو قطر کا بین الاقوامی سالانہ مشاعرہ ان شاء اللہ عید کے بعد منعقد کیا جائے گا، انہوں نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ قطر کی تمام اردو تنظیمیں اپنے انفرادی پروگراموں کے علاوہ ایک ساتھ مل کر ایک مشترکہ بینر تلے کوئی بڑا اردو ایونٹ منعقد کریں جس کی تاثیر اور بازگشت دور تک اور دیر تک محسوس کی جائے۔
مہمان خصوصی جناب شیخ تنویر احمد نے نشست میں شرکت پر اپنی خوشی اور پسندیدگی کا اظہار کیا اور کاروان کو اپنے تعاون کا یقین دلایا۔
مہمان اعزاز جناب قمر الزمان بھٹی نے نشست کو کام یاب قرار دیا اور اپنی شمولیت پر کاروان کے اراکین کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کا اختتام کاروان اردو قطر کے جنرل سکریٹری جناب محمد شاہد خاں ندوی کے کلمات تشکر سے ہوا، انہوں نے تمام شعرا ، منتظمین اور سامعین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا کہ فوری اطلاع پر اتنی تعداد میں آپ حضرات اور خواتین کی موجودگی اردو زبان اور تہذیب سے آپ کی محبت اور کمٹمنٹ کا ثبوت ہے ، قطر کی تمام اردو تنظیموں کے ایک مشترکہ پروگرام کے تعلق سے جناب عظیم عباس کے خیال کی پذیرائی کرتے ہوئے جناب شاہد خاں نے کہا کہ یہ ایک قابل تحسین آئیڈیا ہے ، حسن اتفاق سے اس وقت ہمارے سامنے قطر کی تقریبا تمام اردو تنظیموں کے ذمہ داران بھی تشریف رکھتے ہیں ، ان سے ہماری گزارش ہے کہ اس تجویز پر غورفرمائیں اور اس سلسلے میں اپنے خیالات کاروان اردو قطر کے چیرمین جناب عظیم عباس کے ساتھ ساجھا کریں۔
ڈاکٹر نشاط صدیقی
میڈیا سکریٹری