تاثیر،۲۸فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی،27فروری: ہماچل پردیش میں سیاسی کشمکش کے درمیان سکھو حکومت نے بجٹ پاس کرکے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا۔ اس کے بعد ہماچل پردیش اسمبلی کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔ جب بجٹ پاس ہوا تو اپوزیشن پارٹی بی جے پی کے تمام ممبران اسمبلی ایوان میں غیر حاضر رہے۔ بی جے پی کے 15 ایم ایل ایز کو نکال دیا گیا جس کے بعد 10 ایم ایل ایز ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔ دریں اثنا، ہماچل پردیش حکومت کو درپیش بحران کے درمیان، کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے بدھ کو ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپندر سنگھ ہڈا اور کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کو پارٹی کے اراکین اسمبلی سے بات کرنے اور حل تلاش کرنے کے لیے شملہ بھیجا ہے۔ ہماچل پردیش میں راجیہ سبھا کی نشست بی جے پی کے جیتنے کے بعد سے ریاست میں سیاسی بحران پیدا ہوگیا ہے جب کانگریس کے چھ ایم ایل ایز نے ووٹنگ میں ‘کراس ووٹ’ ڈالا تھا۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بدھ کو الزام لگایا کہ ہماچل پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی عوام کے حقوق کو کچلنا چاہتی ہے اور اکثریت کو چیلنج کررہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی ہماچل پردیش کو ’’سیاسی تباہی‘‘ میں دھکیلنا چاہتی ہے۔ پرینکا گاندھی نے پوسٹ کیا کہ ‘وہ مرکز کی طاقت اور اختیار کا غلط استعمال کرکے ہماچل کے لوگوں کے اس حق کو کچلنا چاہتی ہے۔ ہماچل کی 68 اسمبلی سیٹوں میں سے کانگریس کے پاس 40 اور بی جے پی کے پاس 25 سیٹیں ہیں۔ باقی تین سیٹیں آزاد امیدواروں کے پاس ہیں۔ دریں اثنا، ہماچل پردیش کے وزیر اعلی سکھوندر سنگھ سکھو نے بدھ کو کہا کہ انہوں نے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا ہے۔ 15 ایم ایل ایز کے اخراج کے بعد ایوان کی تعداد گھٹ کر 53 ہوگئی ہے اور اکثریتی تعداد گھٹ کر 27 ہوگئی ہے۔ ایسی صورت حال میں کانگریس کو اعتماد کا ووٹ آسانی سے پاس کرنا چاہیے، کیونکہ اس کے پاس ابھی بھی 34 ایم ایل اے ہیں (سوائے کراس ووٹنگ ایم ایل اے کے)۔ سکھو کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب راجیہ سبھا انتخابات میں کانگریس کے کچھ ایم ایل ایز کی ‘کراس ووٹنگ’ کے بعد ان کی حکومت کو اکثریت کھونے کا خطرہ ہے۔ چیف منسٹر سکھو نے یہاں میڈیا والوں سے کہا – میں ایک جنگجو ہوں… میں ایک عام خاندان سے ہوں۔ ہم یہ جنگ جیت کر اسمبلی میں اکثریت بھی ثابت کریں گے۔

