تاثیر،۲فروری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 02 فروری۔ سپریم کورٹ نے جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو کوئی راحت نہیں دی۔ جسٹس سنجیو کھنہ کی سربراہی والی بنچ نے ہیمنت سورین کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل سے پوچھا کہ آپ سپریم کورٹ کیوں آئے، ہائی کورٹ کیوں نہیں گئے۔اس پر سبل نے کہا کہ یہ معاملہ ایک وزیر اعلیٰ سے متعلق ہے، جسے گرفتار کیا گیا ہے۔ آپ ثبوت دیکھیں۔ پھر جسٹس کھنہ نے کہا کہ اول تو عدالت سب کے لیے کھلی ہے اور دوسری بات یہ کہ ہائی کورٹ بھی آئینی بنچ ہے۔ اگر ہم اس طرح سماعت کریں گے تو سب براہ راست سپریم کورٹ آئیں گے۔ جسٹس کھنہ نے سپریم کورٹ کے پہلے کے حکم کا بھی حوالہ دیا جب اس نے ای ڈی کے سمن کو سننے سے انکار کر دیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ ای ڈی نے ہیمنت سورین سے پوچھ تاچھ کے بعد 31 جنوری کو گرفتار کیا تھا۔ سورین کو زمین گھوٹالہ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔

