جموں و کشمیر میں جمہوریت کی بحالی کے لئے الیکشن کمیشن اپنا کردار ادا کرے: عمر عبداللہ

تاثیر،۱۶مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جموں، 15 مارچ: جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے جمعہ کو یہاں کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کو جموں و کشمیر میں جمہوریت کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرنا چاہیے۔
عمر نے کہا کہ ہمیں الیکشن کمیشن سے کوئی امید نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن کو جمہوریت کو برقرار رکھنے کے اپنے مشن کے حصے کے طور پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ چونکہ یہاں اسمبلی انتخابات کو ہوئے دس سال گزر چْکے ہیں۔ سابق صدر رام ناتھ کووند کی زیرقیادت کمیٹی کی جانب سے ”ایک ملک، ایک انتخاب” پر رپورٹ پیش کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے، جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں و کشمیر سے پالیسی شروع کرنے کا یہ سنہری موقع ہے۔
سابق صدر نے ”ایک ملک، ایک الیکشن” پر رپورٹ پیش کی ہے۔ ہم ان سے کیا امید کر سکتے ہیں اگر یہ جموں و کشمیر سے اس کو لاگو نہیں کرتے ہیں۔ جموں کشمیر میں انتخابات ہونے ہیں اور یہ ایک سنہری موقع ہے۔ انہیں یہاں جمہوریت کو مکمل طور پر بحال کرنے دیں اور پارلیمنٹ اور اسمبلی انتخابات دونوں کی تاریخوں کا اعلان کریں۔