تاثیر،۱۶مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 15 مارچ :۔ ٹی – 20ورلڈ کپ سے قبل بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم مئی میں تین میچوں کی ٹی۔20 سیریز کے لیے امریکہ کا دورہ کرے گی۔ دونوں ٹیموں نے پہلے کبھی ایک دوسرے کے خلاف ٹی ۔20 میچ نہیں کھیلا۔ بنگلہ دیش اس سیریز کو امریکہ اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ٹی۔20 ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے استعمال کرے گا۔ امریکہ اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی۔20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 21 مئی کو کھیلا جائے گا جس کے بعد بقیہ دو میچز بالترتیب 23 اور 25 مئی کو ہوں گے۔
امریکہ اپریل میں کناڈا کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ۔20سیریز بھی کھیلے گا۔ تمام کھیلوں کی میزبانی ہیوسٹن، ٹیکساس میں پریری ویو کرکٹ کمپلیکسکے ذریعہ کی جائے گی۔
بنگلہ دیش نے اپنی تاریخ میں امریکہ میں دوٹی۔20 کھیلے ہیں، دونوں 2018 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف۔ ورلڈ کپ 2024 کے اپنے پہلے دو میچوں میں بنگلہ دیش کی ٹیم بالترتیب ڈیلاس اور نیویارک میں سری لنکا اور جنوبی افریقہ کا سامنا کرے گی اور اس سیریز سے انہیں کنڈیشنز کی عادت ڈالنے میں مدد دے گی۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سی ای او نظام الدین چودھری نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا،’’بنگلہ دیش ٹیم کے لیے، یہ دورہ آئی سی سی مینز ٹی۔ 20 ورلڈ کپ 2024 سے قبل حالات سے ہم آہنگ ہونے کے لیے ایک مثالی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ ہم اس تیاری کے منتظر ہیں۔ہم اسٹیج کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں اور اس انمول تجربے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے پرعزم ہیں‘‘۔
بنگلہ دیش گزشتہ ٹی ۔20 ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں ہی باہر ہوگیا تھا اور ون ڈے ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد اس سے بہتر کارکردگی کی امید ہوگی۔
ریاستہائے متحدہ امریکہ اور کناڈا – جو پہلی بار ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لئے تیار ہیں – 2 جون کو ڈیلاس میں اپنی مہم شروع کریں گے۔ امریکہ نے پچھلے دو سالوں میں جو پانچ ٹی۔20 میچ کھیلے ہیں وہ سب جولائی میں آئی سی سی مینز ٹی۔20 ورلڈ کپ کوالیفائر 2022 میں آئے تھے۔کناڈا نے گزشتہ سال واحد ٹی۔20 میچ آئی سی سی مرد ٹی۔20ورلڈ کپ کے فائنل میں کھیلا تھا، جسے اس نے جیت کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
یو ایس اے کرکٹ کے صدر وینو پسیکے نے کہا،’’اہم مردوں کے ٹی۔20 ورلڈ کپ سے پہلے، یہ کھیل ہماری ٹیم کے لیے اپنا ورکنگ کمبی نیشن تلاش کرنے، ٹیم میں ہم آہنگی پیدا کرنے اور بہتر حکمت عملی تیار کرنے کے لیے اہم ہوں گے۔‘‘
ٹی ۔20 ورلڈ کپ میں بھارت، آئرلینڈ اور پاکستان کے ساتھ گروپ اے میں کناڈا اور امریکہ شامل ہیں۔ بنگلہ دیش گروپ ڈی کا حصہ ہے، اور ویسٹ انڈیز کے کنگسٹاون میں نیپال اور ہالینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

