تاثیر،۱مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
غزہ، یکم مارچ : اسرائیلی سیکورٹی فورسز نے کل غزہ شہر میں امدادی سامان لے جانے والے ٹرکوں کے قریب اچانک جمع ہونے والے ہجوم پر گولیوں کی بوچھار کر دی۔ اس فائرنگ میں کم از کم 100 افراد ہلاک اور 700 کے قریب زخمی ہوگئے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے یہ اطلاع فلسطینی اتھارٹی کی خبر رساں ایجنسی اور ایک اسرائیلی اہلکار کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں دی۔
رپورٹ کے مطابق یہ سب کچھ اچانک ہوا۔ غزہ کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ اس ’’قتل عام‘‘ میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی ٹینکوں نے ہزاروں مشین گنوں سے فائر کیا۔ یہ ہجوم مدد کے آنے کا انتظار کر رہا تھا۔ ایک اسرائیلی اہلکار نے اعتراف کیا کہ فوجیوں نے فائرنگ کی اور بھگدڑ میں زیادہ تر لوگ ہلاک یا زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ کے باشندے امدادی ٹرکوں کو گھیرے میں لے کر سامان لوٹ رہے تھے۔ اس پیش رفت پر حماس کے ایک کمانڈر نے خبردار کیا ہے کہ اس سے جنگ بندی کے مذاکرات پٹری سے اتر سکتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ غزہ میں اسرائیل اور فلسطینی جنگجو تنظیم حماس کے درمیان 7 اکتوبر سے جنگ جاری ہے۔ غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

