بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ میں آتشزدگی سے 44 افراد جاں بحق

تاثیر،۱مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ڈھاکہ، یکم مارچ: بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ میں جمعرات کی دیر رات آگ لگنے سے کم از کم 44 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ان میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ جھلسنے والے افراد کو ڈھاکہ میڈیکل کالج اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ وزیر صحت سامنت لال سین نے اسپتال کا دورہ کیا ہے۔
بنگلہ دیش کے معروف اخبار ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق آگ دارالحکومت ڈھاکہ کے بیلی روڈ پر واقع سات منزلہ کمرشیل عمارت میں لگی۔ اس آگ میں چھ ریسٹورنٹس، گیجٹ، گیئر اور الیکٹرانکس برانڈ سیم سنگ کا ایک آوٹ لیٹ، ایلین نامی کپڑے کا شوروم وغیرہ جل کر خاکستر ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ پہلی منزل سے شروع ہوئی اور شعلوں نے تیزی سے تمام منزلوں کو اپنی زد میں لے لیا۔
وزیر صحت ڈاکٹر سامنت لال سین، ڈھاکہ-8 کے رکن پارلیمنٹ اے ایف ایم بہاوالدین نسیم اور سینئر حکام نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ وزیر صحت سین نے صبح 2 بجے میڈیا کو بتایا کہ ڈھاکہ میڈیکل کالج اسپتال میں 33 لاشیں رکھی گئی ہیں۔ شیخ حسینہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف برن اینڈ پلاسٹک سرجری میں 10 دیگر افراد کی موت ہو گئی ہے۔ سنٹرل پولیس اسپتال میں ایک جھلسے ہوئے شخص نے دم توڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ فائر ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ زیادہ تر لوگ یا تو عمارت سے چھلانگ لگانے سے یا جلنے یا دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے۔ رات تقریباً ساڑھے بارہ بجے آگ پر قابو پالیا گیا۔ اس دوران عمارت میں پھنسے 70 سے زائد افراد کو بچا لیا گیا۔