تاثیر،۱مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ممبئی،یکم مارچ :جمعہ کو شیوسینا کے ممبران اسمبلی اور وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے دھڑے کے وزراء اسمبلی کے کوریڈور میں ایک دوسرے سے ٹکرا گئے۔ وزیر شندے کے گروپ کے دیگر وزراء اور ایم ایل اے نے ان دونوں کو راضی کر کے معاملہ حل کیا۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے جھگڑے والے وزیر اور ایم ایل اے سے بات چیت کی اور ان دونوں کو سمجھایا۔ اس معاملے پر ارکان نے قانون ساز کونسل میں ہنگامہ آرائی کی جس کے باعث ایوان کی کارروائی ایک گھنٹے کے لیے ملتوی کر دی گئی۔جانکاری کے مطابق جمعہ کو مہاراشٹر لیجسلیچر کے بجٹ اجلاس کے آخری دن کرجت اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے مہیندر تھورے اسمبلی کے کوریڈور میں وزیر دادا بھوسے سے اپنے علاقے کے ترقیاتی کاموں کو لے کر بات کر رہے تھے، لیکن اسی دوران دونوں کے درمیان جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ لڑائی جھگڑے تک جا پہنچے۔ موقع پر موجود وزیر شمبھوراجے دیسائی، ایم ایل اے بھرت گوگاوالے اور پرتاپ سارنائک نے مداخلت کرکے معاملہ کو پرسکون کرایا۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے دادا بھوسے اور مہندر تھوروے کو بلایا اور انہیں آپس میں جھگڑا نہ کرنے اور تھوروے کا کام فوری طور پر کرنے کی ہدایت دی۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے صحافیوں کے اس سلسلے میں پوچھے گئے سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا۔
ایم ایل اے پرتاپ سرنائک نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مہیندر تھوروے پہلی بار ایم ایل اے ہیں، جبکہ دادا بھوسے سینئر ایم ایل اے ہیں اور کئی بار منتخب ہونے والے وزیر ہیں۔ مہیندر تھوروے نے علاقے کے ترقیاتی کاموں کو لے کر جارحانہ انداز میں بات کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا اور ان دونوں کو سمجھایا۔این سی پی لیجسلیچر پارٹی لیڈر جینت پاٹل نے اسمبلی میں وزیر اور ایم ایل اے کے درمیان لڑائی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پاٹل نے کہا کہ مہاراشٹر میں گینگ وار مہاراشٹر لیجسلیچر تک پہنچ گئی ہے۔ اس کی تحقیقات کرائی جائیں اور تمام معلومات ایوان کو دی جائیں۔

