تاثیر،۲۹مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ29 مارچ (پریس ریلز) الحراء پبلک اسکول، شریف کالونی کے ڈائریکٹر محمد انور نے سالانہ رزلٹ ڈے کے موقع پر اپنی گفتگو میں کہا کہ جن طلباء و طالبات نے اپنے اپنے درجوں میں اول ، دوم اورسوم مقام حاصل کیا ہے وہ بہت مبارکباد کے مستحق ہیں ،لیکن وہ بچے ناکام نہیں جو اس فہرست میں اپنا نام درج نہیں کر ا سکے ، بلکہ وہ بچے بچیاں بھی مبارک باد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے اتنے نمبر ضرور حاصل کیے ہیں کہ انہیں اگلے درجے میں ترقی مل سکے۔انہوںنے کہا کہ صرف امتحان کے اچھے مارکس ہی کامیابی کی ضمانت نہیں ہوتے۔ کامیاب وہ طالب علم بھی ہیں جو اپنے والدین اور اساتذہ کے فرماں بردار ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں میں مختلف صلاحیتیں پوشیدہ ہوتی ہیں جن کی عکاسی صرف امتحانات کے مارکس نہیں کر پاتے۔ یہ صلاحیتیں دھیرے دھیرے ظاہر ہوتی ہیں۔ لہذا جو طالب علم کلاس میں سر فہرست نہیں آپاتے یا جنہیں کم نمبر آتے ہیں انہیں مایوس نہیں ہونا چاہیے بلکہ اپنی محنت اور جدو جہد جاری رکھنی چاہیے۔انہوں نے گارجین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کو زیادہ سے زیادہ وقت دیں۔سب سے قیمتی چیز جو والدین اپنے بچوں کو دے سکتے ہیں وہ بہترین تعلیم و تربیت ہے اور یہ چیز بنا وقت دیے ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس مصروف ترین دور میں عام طور پر والدین کے پاس اپنے بچوں کے لیے وقت نہیں ہوتا، جس کا بچوں پر منفی اثر پڑتا ہے۔اپنے بچوں کو منفیات سے بچانے کے لیے ان کو وقت دینا از حد ضرور ی ہے۔
واضح ہو کہ الحراء پبلک اسکول، شریف کالونی،شعبہ تحفیظ القرآن اور گلشن حراء کے ان تمام طلباء و طالبات کورزلٹ ڈے کے موقع پر گارجین اور اساتذۃ کی موجودگی میں انعامات و اسناد سے نوازا گیا جنہوں نے اپنے اپنے درجوں میں اول، دوم اور سوم مقام حاصل کیا ۔اس کے علاوہ درجہ نرسری سے لے کر درجہ نہم تک وہ طلباء و طالبات بھی ٹرافی اور اسناد سے نوازے گئے جن کی حاضری تعلیمی سیشن 2023-24 میں صد فی صدرہی ۔
تقسیم انعام و اسناد تقریب دو نشستوں میں منعقد کی گئی۔ پہلی نشست میں درجہ نرسری سے درجہ دوم ، درجہ نہم اور شعبہ تحفیظ القرآن کے طلبا و طالبات کے درمیان رپورٹ کارڈ اور انعام و اسناد کی تقسیم عمل میں آئی ۔ جب کہ دوسری نشست میں درجہ سوم سے درجہ ہشتم کے طلبا و طالبات کے درمیان رپورٹ کارڈ اور انعامات واسناد کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر اسکول کے ڈائریکٹر محمد انور نے گارجین اور اساتذۂ کرام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے تقریب اسنادو انعامات بحسن وخوبی اختتام پذیر ہوئی۔ نئے سیشن میں اندراج کے لیے 6؍ اپریل تک آفس کھلی رہے گی، لہذا 6 ؍ اپریل2024 تک گارجین اپنے بچے بچیوں کا اندراج ضرور کرالیں اور کتابیں وغیرہ حاصل کرلیں۔ نئے سیشن کا آغاز 15 ؍اپریل2024 کو پونے آٹھ بجے سے ان شاء اﷲ ہوگا۔

