انگلش بلے باز اسپنروں کے جال میں پھنس گئے ، کلدیپ نے ۵،آشون نے ۴ وکٹیں لیں ،ہندوستان کا ٹھوس آغاز

تاثیر،۸مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

دھرم شالہ ، 7مارچ : دھرم شالہ ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہو گیا۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک بھارت کاا سکور 1 وکٹ پر 135 رنز ہے۔ اس طرح ٹیم انڈیا انگلینڈ سے 83 رن پیچھے ہے۔ بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شبھ من گل ناٹ آؤٹ لوٹے۔ بھارتی کپتان 52 رنز بنانے کے بعد کھیل رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی شبھ من گل 26 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ ہیں۔ یشسوی جیسوال 57 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ یشسوی جیسوال کو شعیب بشیر نے آؤٹ کیا۔اس سے قبل انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرنے آئی انگلینڈ کی ٹیم 218 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جواب میں بلے بازی کے لیے آئی ٹیم انڈیا کی شروعات شاندار رہی۔ اوپنرز روہت شرما اور یشسوی جیسوال نے پہلی وکٹ کے لیے 104 رنز جوڑے۔ یشسوی جیسوال نے 58 گیندوں میں 57 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ بین فاکس نے شعیب بشیر کی گیند پر یشسوی جیسوال کو اسٹمپ آؤٹ کیا، لیکن روہت شرما مضبوطی سے ڈٹے رہے۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے آئے انگلینڈ کے اوپنرز جیک کراؤلی اور بین ڈکٹ نے اچھی شروعات کی۔ دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 64 رنز جوڑے۔ لیکن اس کے بعد مسلسل وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ خاص طور پر انگلینڈ کے مڈل آرڈر بلے بازوں کے پاس ہندوستانی اسپنرز کا کوئی جواب نہیں تھا۔ 175 رنز پر چوتھی وکٹ گنوانے والی انگلش ٹیم کے آٹھ بلے باز 183 رنز بنانے کے بعد پویلین چلے گئے۔ جیک کراؤلی نے 79 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تاہم باقی بلے بازوں کا ساتھ نہ ملا۔بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو سب سے کامیاب بولر رہے۔ اس چائنا مین بولر نے 5 انگلش بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ روی آشون نے اپنے 100ویں ٹیسٹ میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ رویندر جڈیجہ کو 1 کامیابی ملی۔ تاہم، ہندوستانی ٹیم دوسرے دن 1 وکٹ پر 124 رنز سے کھیلنا شروع کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی انگلینڈ کی ٹیم ہندوستان کو کم سے کم سکور تک محدود رکھنا چاہے گی۔ اس وقت ٹیم انڈیا 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 3-1 سے فیصلہ کن طریقے سے آگے ہے۔ہندوستان پانچواں ٹیسٹ جیت کر سیریز 4-1 سے کلین سویپ کرنا چاہے گا، جبکہ انگلش ٹیم آخری ٹیسٹ جیت کر اپنی لاج بچانا چاہے گی۔