تاثیر،۱۰مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
امپھال، 8 مارچ : سکیورٹی اہلکاروں نے اغوا کردہ بھارتی فوج کے جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) کنسام کھیڑا سنگھ کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔ قابل اعتماد ذرائع نے بتایا کہ انہیں جمعہ کی رات ضلع تھوبل کے ایک علاقے سے بازیاب کرایا گیا۔بحفاظت بچائے جانے کے بعد جے سی او کنسام کھیڑا سنگھ کو تھوبل ضلع (کاکچنگ کے قریب) کے وائیکھونگ پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ پولیس ان کے اغوا سے متعلق واقعہ کی بھی جانچ کر رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ تمام مرکزی سیکورٹی ایجنسیوں کی ایک مربوط ٹیم نے جے سی او کنسام کھیڑا سنگھ کو بحفاظت بچانے کے لئے آپریشن شروع کیا۔ بالآخر رات تک مشترکہ فورسز نے انہیں بحفاظت بچا لیا۔واضح رہے کہ تھوبل ضلع کے سرنگ پاٹ ممانگ لیکائی ساکن بھارتی فوج کے جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) کنسام کھیڑا سنگھ چھٹی پر گھر آئے تھے۔ جمعہ کی صبح تقریباً 9 بجے کچھ بدمعاش اس کے گھر میں داخل ہوئے اور انہیں کار میں بٹھا کر لے گئے۔
اغوا کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ تاہم ابتدائی تفتیش میں پولیس کا خیال ہے کہ فوجی افسر کے اغوا کے پیچھے رنگ داری کا معاملہ ہے۔ کیونکہ کچھ عرصے سے جے سی او سنگھ کے خاندان پر کچھ نامعلوم بدمعاشوں کے ذریعہ بھاری رقم ادا کرنے کے لیے دباو ڈالا جا رہا تھا۔ پولیس کے ایک ذرائع نے بتایا کہ بدمعاشوں نے یہ بھی دھمکی دی تھی تھی کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہیں ہوئے تو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

