کیجریوال کی گرفتاری پر بی جے پی کا کانگریس پر نشانہ، کہا- پارٹی کا دوہرا کردار سب کے سامنے

تاثیر،۲۳مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 23 مارچ: اروند کیجریوال کی گرفتاری پر بھارتیہ جنتا پارٹی مسلسل اپوزیشن جماعتوں پر حملہ آور ہے۔ عام آدمی پارٹی اور کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے بی جے پی نے کہا کہ اس معاملے میں کانگریس کا دوہرا کردار سب کو نظر آرہا ہے۔ہفتہ کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے کہا کہ عام آدمی پارٹی بدعنوانی میں دھنسی ہوئی ہے اور جانچ ایجنسیوں سے توقع رکھتی ہے کہ اس کے خلاف کوئی تحقیقات نہ ہوں۔ یہ سمجھ سے بالاتر ہے اور قانون کی حدود سے باہر ہے۔ ملک کے قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔ جو بھی کرپشن کرے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
سمبت پاترا نے کانگریس کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ ان سیاسی پارٹیوں میں جس طرح کے تضادات پیدا ہو رہے ہیں عوام دیکھ رہے ہیں۔ کانگریس کے بڑے لیڈروں نے اروند کیجریوال کی شراب پالیسی پر سخت لعنت بھیجی تھی۔ ہر لیڈر اور ترجمان نے اروند کیجریوال کو بدعنوانی میں غرق قرار دیا تھا۔ کانگریس نے کہا تھا کہ اروند کیجریوال نے رشوت کے طور پر ہزاروں کروڑ روپے لیے ہیں۔ آج سب دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح گرگٹ کی طرح انڈیا اتحاد بدل رہا ہے۔