تاثیر،۶ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ہیملٹن، 6 اپریل : نیوزی لینڈ کی بلے باز سوفی ڈیوائن اتوار کو ہیملٹن میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میں بطور کپتان واپس آئیں گی۔ڈیوائن کواڈ سٹرین کی وجہ سے دورہ انگلینڈ کے آخری تین میچز نہیں کھیل سکی تھیں لیکن جمعے کو ہیملٹن میں فٹنس ٹیسٹ پاس کر کے نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم میں شامل ہو گئیں۔
نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ بین ساویر نے ہفتے کے روز ایک سرکاری بیان میں کہا،’’ سوفی کے قیادت کرنے سے ٹیم اعتماد سے بھر جائے گی۔ جب بھی وہ دستیاب نہیں ہوتی ہے تو ٹیم سوفی کو بہت مس کرتی ہے، اس لیے ہم انہیں واپس لانے کے قابل ہونے پر بہت خوش ہیں۔‘‘
تاہم، جیسے ہی ڈیوائن کی واپسی ہوئی، دوسرے ون ڈے میں فیلڈنگ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری میں مبتلا ہونے کے بعد اوپننگ بلے باز برنڈائن بیزوئیڈینہوٹ کواتوار کے میچ سے باہر کر دیا گیا۔ انگلینڈ کے خلاف نیوزی لینڈ کے 253 رن کے تعاقب میںبیزوئیڈینہوٹ بیٹنگ کے لیے نہیں آئیں۔
ہفتہ کو بیزوئیڈینہوٹ کی ایک اسکین رپورٹ میں گریڈ 1 کے ہیمسٹرنگ تناو کا انکشاف ہوا ہے جس کی بحالی کے لیے مختصر مدت کی ضرورت ہوگی۔
ساویر نے کہا، ’’ہم برنی کے لیے مایوس ہیں، جو اس موسم گرما میں پہلے ہی انجری کے چیلنجز کا سامنا کر چکی ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گی کیونکہ ہم کرکٹ کے مصروف موسم سرما کے منتظر ہیں‘‘۔
ایڈن کارسن کو بیزوئیڈینہوٹ کے متبادل کے طور پر بلایا گیا ہے، جبکہ میکائلا گریگ اضافی کور کے طور پر شامل ہوں گی۔ انگلینڈ کو تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے۔

