تاثیر،۱۳ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 13 اپریل : مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک بار پھر بھارتیہ جنتا پارٹی پر مغربی بنگال کے ساتھ امتیازی سلوک کا الزام عائد کیا ہے۔ ہفتے کے روز، انہوں نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کی، جو ان کی انتخابی مہم کا حصہ ہے۔ اس میں وہ خطاب کر رہی ہیں اور لوگ خوب تالیاں بجا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے لکھا ہے کہ بنگال کے ساتھ بی جے پی کا امتیازی سلوک جمہوریت اور تعاون پر مبنی وفاقیت کی توہین ہے۔ یہ میرا عزم ہے کہ جب تک ترنمول کانگریس کھڑی ہے، جب تک میں سانس لے رہی ہوں، میں اپنے لوگوں کو تکلیف نہیں ہونے دوں گی، چاہے اس کے لئے جیل ہی کیوں نہ جانا پڑے ۔
پہلے مرحلے میں لوک سبھا کی تین سیٹوں پر اپنی پارٹی کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے لکھا کہ 19 اپریل کو ترنمول کو ووٹ دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہمارے امیدوار پروفیسر نرمل چندر رائے، جگدیش چندر بسونیا اور پرکاش چک بڑائک اتنے بڑے فرق سے جیت جائیں کہ بی جے پی کے مہاجر پرندے بنگال میں دوبارہ قدم رکھنے سے پہلے دو بار سوچیں ۔‘‘

