تاثیر،۲۰ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
لندن، 20 اپریل : اسکاٹ لینڈ میں بھارت کے دو طالب علم آبشار میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔ یہ طلبہ برطانیہ کی ایک یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھے۔
پولیس اسکاٹ لینڈ نے ابھی تک ان دونوں طالب علموں کے نام جاری نہیں کیے ہیں۔ تاہم معلومات سامنے آئی ہیں کہ دونوں کا تعلق آندھرا پردیش سے ہے اور ان کی عمریں 20 اور 26 سال بتائی گئی ہیں۔ لاشوں کا پوسٹ مارٹم آج جمعہ کو کیا جانا ہے۔ یہ واقعہ بدھ کی رات پرتھ شائر کے بلیئر آف ایتھول کے قریب لن آف ٹمیل میں پیش آیا۔
دوستوں کا ایک گروپ یہاں گھومنے آیا تھا۔ اس دوران ان میں سے دو پانی میں گر گئے۔ اس کے بعد ان کے دوستوں نے ہنگامی خدمات کے لیے خطرے کی گھنٹی بجائی، جس کے بعد اسکاٹش فائر اینڈ ریسکیو سروس نے امدادی کوششوں میں مدد کے لیے کشتیوں کی ٹیمیں اور جہاز بھیجے۔ ریسکیو کے لیے امدادی ٹیم نے علاقے میں تلاشی کے بعد دو افراد کی لاشیں پانی سے نکال لیں۔
مکمل صورت حال جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔ تاہم جائے وقوعہ یا اس کے آس پاس کوئی مشکوک صورتحال نہیں دیکھی گئی۔ لندن میں بھارتی ہائی کمیشن نے کہا کہ آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے دو طالب علم کی اس افسوس ناک حادثے میں ڈوب کر موت ہوگئی۔
ایڈنبرا میں قونصلیٹ جنرل آف انڈیا ان کے اہل خانہ سے رابطے میں ہے اور ایک قونصلر افسر نے بھی ایک طالب علم کے برطانیہ میں مقیم ایک رشتہ دار سے ملاقات کی ہے، یونیورسٹی آف ڈنڈی نے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ہائی کمیشن کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 19 اپریل کو پوسٹ مارٹم متوقع ہے اور اس کے بعد لاشوں کو ہندوستان واپس بھیجنے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

