تاثیر،۱۹ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جھانسی، 19 اپریل : جھانسی ضلع کے پریم نگر تھانہ علاقہ میں ویسٹرن ریلوے کالونی سمیت کئی مقامات پر مسلسل ہونے والی چوریوں کو روکنے اور چوروں کو پکڑنے کی کوششوں میں میں جمعرات کی رات دیر گئے سواٹ اور پریم نگر پولیس کو ایک بڑی کامیابی ملی۔ دونوں ٹیموں نے تصادم کے دوران چور کو پکڑ لیا۔ انکاؤنٹر میں ایک بدمعاش ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا اور اسے اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔
پریم نگر پولیس اسٹیشن اور سواٹ کی ٹیم مجرموں کو روکنے میں مصروف تھی۔ اسی دوران مالگودام کے قریب مقبرے کے پیچھے جنگلوں میں ایک بدمعاش کے چھپے ہونے کی اطلاع ملی۔ یہ اطلاع ملتے ہی دونوں ٹیمیں مخبر کے بتائے ہوئے مقام پر پہنچیں تو بدمعاش نے پستول سے ان پر فائرنگ کی اور بھاگنے لگے۔ پولیس ٹیموں نے اس کا پیچھا کیا اور جوابی کارروائی کی۔ جس میں ایک گولی مجرم کی ٹانگ میں لگی اور وہ زخمی ہو کر نیچے گر گیا۔
پوچھ گچھ کے دوران زخمی بدمعاش نے اپنا نام راج کمار بتایا جو مدھیہ پردیش کے دتیا ضلع کا رہنے والا ہے۔ پولیس ٹیم نے اس کے قبضے سے تقریباً دس لاکھ روپے مالیت کے سونے اور چاندی کے زیورات اور ایک پستول کا کارتوس برآمد کیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار بدمعاش اکثر ٹرین کے ذریعے دتیا سے جھانسی آتا تھا، سنسان گھروں میں چوری کرتا تھا اور پھر ٹرین سے بھاگ جاتا تھا۔ پولیس کی پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ پکڑے گئے چور نے علاقے کے 23 گھروں سے چوری کی تھی۔

