تاثیر،۱۳ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ہگلی، 13 اپریل : ہگلی ضلع کی شری رام پور لوک سبھا سیٹ پر قبضہ کو لے کر سیاسی لڑائی تیز ہوگئی ہے۔ ترنمول کانگریس نے اس لوک سبھا سیٹ سے سبکدوش ہونے والے ایم پی کلیان بنرجی کو اپنے امیدوار کے طور پر میدان میں اتارا ہے، جب کہ بی جے پی نے کبیر شنکر بوس اور سی پی ایم نے دیپشیتا دھر کو میدان میں اتارا ہے۔ سیاسی ماہرین کا ماننا ہے کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات کی طرح اس بار بھی شری رام پور میں مقابلہ ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہے۔ تاہم، سی پی ایم دیپشیتا دھر کو بہت مضبوط امیدوار کے طور پر پیش کر رہی ہے۔
جمعہ کی شام کو انتخابی مہم کے دوران شریرام پور کے ترنمول کانگریس کے امیدوار کلیان بنرجی کے ساتھ شریرام پور کے ایم ایل اے ڈاکٹر سدیپتو رائے، شریرام پور شہر ترنمول کانگریس کے صدر سنتوش سنگھ، وارڈ نمبر 24 کے کونسلر اکبر علی اور دیگر نے ریلوے پھاٹک نمبر 4کے مشرقی جانب انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ وہ لوگوں کے درمیان گئے اور ان سے ترنمول کانگریس کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔
دوسری طرف بی جے پی امیدوار کبیر شنکر بوس کے ساتھ بی جے وائی ایم کے ترجمان ہری مشرا، شری رام پور تنظیمی ضلع جنرل سکریٹری ششی سنگھ، ضلع بی جے پی لیڈر راکیش چودھری، اجے یادو اور دیگر نے ریلوے پھاٹک نمبر چار سے مغربی شریرام پور میونسپلٹی کے وارڈ نمبر 29 میں ایک روڈ میٹنگ کا اہتمام کیا اور اعلان کیا کہ جیتنے کے بعد وہ شری رام پور میں ایک عظیم الشان رام مندر تعمیر کریں گے اور خستہ حال دیگر مندروں کی مرمت کریں گے۔ دونوں پارٹیاں اپنے اپنے طریقے اور دلائل سے ووٹرز کو مائل کرتی رہیں۔
تاہم، 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں، ترنمول کانگریس کو شریرام پور لوک سبھا مرکز پر 6,37,707 ووٹ ملے تھے، جب کہ بی جے پی کو 5,39,171 ووٹ اورسی پی ایم کو 1,52,281 ووٹ ملے تھے۔

