تاثیر،۱۸ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں ،18 اپریل: پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے جموں و کشمیر کے لوگوں سے آئندہ لوک سبھا انتخابات کا بائیکاٹ نہ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات سڑکوں، پانی اور بجلی کے لیے نہیں بلکہ وقار کی بحالی کے لیے لڑے جا رہے ہیں۔جس پر پانچ اگست 2019 کے بعد نئی دہلی کی طرف سے اکثر حملہ کیا جا رہا ہے۔ محبوبہ مفتی نے اننت ناگ-راجوری پارلیمانی سیٹ کے لیے جمعرات کو پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ وقار کی بحالی کے لیے ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا الیکشن سڑکوں، بجلی یا پانی کے لیے نہیں لڑا جا رہا ہے بلکہ شناخت، وقار کی بحالی، وسائل کی واپسی اور بجلی کے منصوبوں اور زمین اور روزگار کے حقوق کے لیے لڑا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو ایک کھلے جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور خطے کے لوگوں کو مزدوروں کی طرح بنایا جا رہا ہے لیکن اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ ہماری زمین ہے اور ہمارے روزگار کے مواقع پر ہمارا حق ہے۔ ہم اپنی شناخت، وقار اور مستقبل پر حملہ کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس بار انتخابات کا بائیکاٹ نہ کریں اور ایسے عناصر کو بے نقاب کریں جو ووٹنگ کے شفاف انعقاد کو سبوتاڑ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں جموں و کشمیر کے لوگوں سے اپیل کرنا چاہتی ہوں کہ اس بار بائیکاٹ نہ کریں، اور ووٹنگ کے لیے آگے آئیں، تاکہ پردے کے پیچھے موجود عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔

