تاثیر،۳۰ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی،30اپریل:کانگریس نے یوپی کے انڈیا اتحاد کے تحت اپنے کوٹے کی تمام سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے، لیکن پارٹی اپنی روایتی سیٹوں یعنی امیٹھی اور رائے بریلی کے حوالے سے کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی ہے۔ ایسی اطلاعات تھیں کہ پرینکا گاندھی واڈرا اور راہل گاندھی کو امیٹھی سے میدان میں اتارا جا سکتا ہے۔ اب ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پرینکا گاندھی لوک سبھا الیکشن نہیں لڑیں گی، اس حوالے سے کانگریس پارٹی نے اپنی رضامندی ظاہر کر دی ہے جب کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے امیٹھی سے الیکشن لڑنے کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
معلومات کے مطابق، پرینکا گاندھی لوک سبھا انتخابات کے دوران مہم چلائیں گی، لیکن وہ خود لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنا دعویٰ پیش نہیں کریں گی۔ پارٹی بدھ تک راہل گاندھی کے امیٹھی سے مقابلہ کے بارے میں فیصلہ کر سکتی ہے۔ یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا تھا کہ سیٹوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان ہونے سے پہلے ایودھیا میں رام مندر کا بھی دورہ کیا جا سکتا ہے، لیکن فی الحال ایسے کوئی اشارے نہیں ہیں۔معلومات کے مطابق، یوپی کے کئی لیڈروں اور عہدیداروں نے کانگریس الیکشن کمیٹی کو تجویز پیش کی تھی کہ پارٹی کو امیٹھی سے راہل گاندھی اور رائے بریلی سے پرینکا گاندھی واڈرا کو میدان میں اتارا جائے، کیونکہ یہ دونوں سیٹیں کانگریس پارٹی کی میراث کے طور پر دیکھی جاتی ہیں۔ پارٹی عہدیداروں نے یہ بھی کہا کہ اگر ایسا نہیں ہوا تو یوپی میں پارٹی کی شبیہ مزید خراب ہوسکتی ہے۔
گزشتہ لوک سبھا انتخابات یعنی 2019 میں بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے امیٹھی میں راہل گاندھی کو تقریباً 55 ہزار ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔

