انسداد نشہ مرکز میں بھیجنے کی مخالفت میں شرابی نوجوان نے اپنے اہل خانہ کو کیا قتل

تاثیر،۱۱       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

سیتاپور، 11 مئی :اتر پردیش میں سیتاپور ضلع کے رام پور-متھورا تھانہ علاقے کے پلہا پور گاوں میں آج صبح ایک نوجوان نے اپنی ماں، بیوی اور تین بچوں کو قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ گھر والے اسے نشہ چھڑانے کے مرکز میں بھیج رہے تھے۔ وہ جانا نہیں چاہتا تھا۔ اس سے خفا ہو کر اس نے سب کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ چکریش مشرا نے بتایا کہ انوراگ ٹھاکر (42)، ماں ساوتری دیوی (65)، بیوی پرینکا (40)، بیٹا اشونی (12)، ادویت (06) اور بیٹی (10) کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہیں۔ انوراگ ٹھاکر شراب پینے کے عادی تھے۔ گھر والے چاہتے تھے کہ وہ شراب نوشی ترک کردے۔وہ مانتا ہی نہیں تھا۔ آخر کار گھر والوں نے اسے ایک ڈی ایڈکشن سنٹر بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ وہ آج اسے ایک ڈی ایڈکشن سنٹر لے جانا چاہتے تھے ۔ یہ سن کر اس کا غصہ ساتویں آسمان پر پہنچ گیا اور سب کو مارنے کے بعد اس نے خود کو گولی مار لی۔ گاوں میں فورس تعینات کر دی گئی ہے۔
پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ انوراگ جب نشے میں گھر آتا تھا، تو وہ لڑتا تھا۔ اس سے پورا خاندان پریشان تھا۔ گھر والے اسے ڈی ایڈکشن سینٹر بھیجنا چاہتے تھے لیکن وہ تیار نہیں تھا۔ جمعہ کی آدھی رات کو بھی وہ شراب کے نشے میں گھر لوٹا۔ ٹوکنے پرسب سے لڑنے لگا۔ صبح تقریباً پانچ بجے انوراگ نے اپنی ماں، بیوی اور تین بچوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی۔