تاثیر،۳۱ مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی،31 مئی:عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کی مشکلات کم ہونے کے آثار نظر نہیں آرہے ہیں۔ ان کے خلاف پہلے ہی کئی فوجداری مقدمات زیر التوا ہیں۔ اب وہ اپنے فرزند انس کی جانب سے کی گئی زیادتی کے کیس میں بھی پھنس گئے ہیں۔ نوئیڈا کی سیشن کورٹ نے پیٹرول پمپ کے ملازم پر مارپیٹ کے معاملے میں امانت اللہ خان کے خلاف جائیداد قرق کا حکم دیا ہے۔عدالت نے سی آر پی سی کی دفعہ 81/82 کے تحت اٹیچمنٹ(قرق) کے احکامات دیے ہیں۔ امانت اللہ خان اور بیٹے انس کے خلاف نوئیڈا میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ انس پر نوئیڈا پٹرول پمپ کے ملازم پر حملہ کرنے کا الزام ہے، جبکہ امانت اللہ پر جان سے مارنے کی دھمکی دینے کا الزام ہے۔امانت اللہ خان کے فرزند انس پولیس کے ہاتھوں گرفتا رنہیں کیاگیاہے۔ حملہ کرنے اور دھمکی دینے کی ایف آئی آر درج ہونے کے بعد سے پولیس انس اور امانت اللہ خان کی تلاش کر رہی ہے۔ ایم ایل اے امانت اللہ خان اور انس طویل عرصے سے مفرور ہیں۔ جس کی وجہ سے اب نوئیڈا سیشن کورٹ نے اٹیچمنٹ (قرق)کا حکم دیا ہے۔ پولیس اب ایم ایل اے کی جائیداد کسی بھی وقت ضبط کرسکتی ہے۔دراصل، کچھ ہفتے پہلے،امانت اللہ خان کے فرزند انس نے نوئیڈا کے سیکٹر 95 میں ایک پٹرول پمپ پر پمپ اٹینڈنٹ کے ساتھ بدسلوگی کی اور اس پر حملہ کیاتھا۔ انس پر الزام ہے کہ انہوں نے لائن توڑ کر پمپ ورکر سے پہلے اپنی گاڑی میں پیٹرول بھرنے کا مطالبہ کیا اور جب پمپ ورکر نے انکار کیا تو انہوں نے اسے مارنا شروع کردیا۔ اس معاملے میں فرزند انس کے ساتھ ساتھ اس کے ساتھی کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے بعد سے امانت اللہ خان اپنے بیٹے کے ساتھ مفرور ہیں۔امانت اللہ خان عام آدمی پارٹی کے اوکھلا سیٹ سے ایم ایل اے ہیں۔ وہ 2020 میں دوسری بار ایم ایل اے بنے ہیں۔ اس کے علاوہ امانت اللہ خان کے خلاف وقف بورڈ کی اراضی میں گھوٹالہ، بورڈ کی تقرریوں میں دھاندلی، دھمکی و دیگر واقعات پر تقریباً 8 مقدمات درج ہیں۔

