ایران کے ساتھ تعلقات کو بہتر دیکھنا چاہتے ہیں: شاہ بحرین

تاثیر،۲۴       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

منامہ،24مئی:بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ مناما ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کی بہتری چاہتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار روس کے صدر صدر ولادیمیرپوتین کے ساتھ ماسکو میں ہونے والی ملاقات میں کیا ہے۔بحرین کے سرکاری خبر رساں ادارے ‘بی این اے’ کے مطابق شاہ بحرین نے کہا ‘بحرین اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی میں تاخیر کی کوئی وجہ نہیں تھی۔’ ایران کے ساتھ بحرین کے تعلقات 2016 میں منقطع ہوئے تھے۔
خیال رہے بدھ کے روز بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف الزیانی نے تہران کا دورہ کیا اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ واضح رہے اتوار کے روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے علاوہ سات دیگر لوگ ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال کر گئے تھے۔